بنکاک میں بیوی کی تلاش کے دوران چاقو بردار شخص کی ہنگامہ آرائی، 3 افراد زخمی

ہفتہ 26 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں مبینہ طور پر اپنی بیوی کو تلاش کرنے والے 24 سالہ شخص نے چاقو سے راہ گیروں پر حملہ کردیا اور دکانوں و املاک میں توڑ پھوڑ کی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

تھائی میڈیا کے مطابق واقعہ 24 ستمبر کو بنکاک کے مصروف اسوک علاقے میں پیش آیا، جہاں میانمار سے تعلق رکھنے والے شخص نے چاقو لہراتے ہوئے دکانوں میں توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود افراد پر حملہ کیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملے میں 30 سالہ تھائی شخص کے چہرے، 30 سالہ میانمار کی خاتون کے سر اور 58 سالہ تھائی خاتون کے چہرے پر چاقو کے وار سے زخم آئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو قابو کیا، جبکہ زخمیوں اور ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

تھائی میڈیا کے مطابق موقع پر موجود افراد نے بتایا کہ حملہ آور اپنی بیوی کو تلاش نہ کرپانے کے باعث پریشان تھا، تاہم حکام نے اس اطلاع کی آزادانہ تصدیق نہیں کی۔ پولیس واقعے کے محرکات اور دیگر حالات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تھائی لینڈ اور سنگاپور کے وزرائے اعظم کی میوزیکل ڈپلومیسی، ویڈیو وائرل

واقعے کے دوران حملہ آور نے دکانوں، کھانے کے اسٹالز اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچایا، جبکہ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے بعد شواہد جمع کرنا شروع کردیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp