سفارت کاری نے اس ہفتے اس وقت غیر متوقع اور دلچسپ رخ اختیار کرلیا جب تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتن چارنویراکول نے مائیک سنبھال کر گیت گائے جبکہ سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے گٹار بجا کر ان کا ساتھ دیا۔
بنکاک میں تھائی حکومت کے ہاؤس میں سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران دونوں رہنماؤں نے موسیقی کی محفل سجا دی۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی طیارہ بردار بحری جہاز آرام اور تفریح کے لیے تھائی لینڈ پہنچ گیا
تھائی وزیراعظم انوتن نے معروف برطانوی میوزک بینڈ دی بیٹلز کا مشہور گیت ’لیٹ اٹ بی‘ اور باب ڈیلن کا معروف گیت ’’بلوئنگ ان دا ونڈ‘ گایا، جبکہ سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے اکوسٹک گٹار پر ان کا ساتھ دیا۔
دونوں رہنماؤں کی یہ غیر معمولی پرفارمنس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور دیکھنے والوں نے سفارت کاری کے اس منفرد انداز کو خوب سراہا۔
Meanwhile, in Bangkok, Thailand’s prime minister sang “Let It Be” and “Blowin’ in the Wind” as Singapore’s prime minister played guitar.#Thailand #Singapore pic.twitter.com/G85S7ZJhXh
— Thai Enquirer (@ThaiEnquirer) September 2, 2026
یہ موسیقی کی محفل تھائی لینڈ اور سنگاپور کے درمیان ہونے والی 5ویں ’لیڈرز ریٹریٹ‘ کے بعد منعقد ہوئی، میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان 11 سال بعد ہونے والی اس نوعیت کی پہلی ملاقات تھی۔
رہنماؤں کی باضابطہ ملاقات میں خوراک کے تحفظ، توانائی، ڈیجیٹل معیشت، دفاع اور سپلائی چین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔
مزید پڑھیں: کم عمر ڈرائیورنگ کا خوفناک نتیجہ، تھائی لینڈ میں 9 بدھ راہب جان سے گئے
سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ مئی 2024 میں وزیراعظم بنے تھے اور وہ گٹار بجانے کے شوق کے باعث بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ ماضی میں بھی مختلف مواقع پر اپنی موسیقی سے دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں۔
دوسری جانب تھائی وزیراعظم انوتن، جو 2025 سے وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہیں، نے اس موقع پر گلوکاری کا مظاہرہ کیا۔

دونوں رہنماؤں کے منتخب کردہ گیت بھی خاصی دلچسپی کا باعث بنے۔ ’لیٹ اٹ بی‘ مشکل حالات میں پُرسکون رہنے کا پیغام دیتا ہے، جبکہ ’بلوئنگ ان دا ونڈ‘ جنگ، امن اور سماجی تبدیلی جیسے موضوعات سے جڑا معروف گیت ہے۔
یہ واضح نہیں کہ دونوں رہنماؤں نے گیتوں کے انتخاب میں کسی خاص سفارتی پیغام کو مدنظر رکھا یا نہیں، تاہم ان کی مشترکہ پرفارمنس نے رسمی سفارت کاری کے روایتی انداز سے ہٹ کر ایک دوستانہ اور غیر رسمی پہلو ضرور سامنے لایا۔
مزید پڑھیں: تھائی لینڈ کے مشہور سیاحتی پارک میں پراسرار بیماری سے 72 شیر ہلاک
تھائی لینڈ اور سنگاپور کے درمیان طویل عرصے سے اقتصادی اور سیاسی تعلقات قائم ہیں اور سنگاپور تھائی لینڈ کے اہم تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داروں میں شمار ہوتا ہے۔
تاہم چند لمحوں کے لیے خطے کے پیچیدہ سیاسی، معاشی اور سفارتی معاملات پس منظر میں چلے گئے اور بنکاک میں مائیک، گٹار اور 2 وزرائے اعظم نے محفل کو موسیقی سے سجا دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی دونوں رہنماؤں کی پرفارمنس پر دلچسپ تبصرے کیے اور بعض نے مزاحیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ دونوں وزرائے اعظم کی مشترکہ میوزک البم کب ریلیز ہوگی۔














