عدم تعاون کے دعوے پر محمد رضوان کا این سی سی آئی اے سے وضاحت لینے کا فیصلہ

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اپنے خلاف عائد الزامات اور تحقیقات میں مبینہ عدم تعاون کے دعوے پر وضاحت طلب کرنے کے لیے ایک بار پھر قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد رضوان قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی کو باضابطہ خط لکھیں گے جس میں مقامی میڈیا میں زیر گردش ان الزامات پر سوال اٹھائے جائیں گے کہ ان کے عدم تعاون کے باعث تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی محمد رضوان کے خلاف کارروائی میں سنگین سقم موجود ہیں، قانونی ماہر خیر محمد خٹک

محمد رضوان نے قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی کے سامنے پہلی پیشی کے موقع پر اپنا ذاتی موبائل فون بھی تفتیشی حکام کو فراہم کیا تھا اور اپنے آئی فون کا پاس ورڈ بھی تفتیش کاروں کو دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق پہلی پیشی کے بعد محمد رضوان کو نہ تو مزید کوئی نوٹس موصول ہوا اور نہ ہی انہیں مبینہ عدم تعاون کے حوالے سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا۔

وکٹ کیپر بلے باز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان تحقیقات میں تعاون کے لیے بدستور تیار ہیں، تاہم وہ قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی سے اپنے خلاف عائد الزامات کی تحریری تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این سی سی آئی اے کی طلبی، محمد رضوان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

یہ پیشرفت ایک روز قبل قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی کی جانب سے سامنے آنے والی اس اطلاع کے بعد ہوئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ تفتیش کاروں نے محمد رضوان سے کئی مرتبہ رابطہ کرکے تحقیقات میں تعاون کی درخواست کی، تاہم متعدد کوششوں کے باوجود مثبت جواب نہیں ملا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض اوقات تفتیش کار محمد رضوان سے رابطہ نہیں کرسکے جبکہ بعض مواقع پر انہوں نے کہا کہ وہ جواب دینے سے قبل اپنے وکیل سے مشاورت کریں گے۔

قومی سائبر کرائم تحقیقاتی اتھارٹی پیر کو محمد رضوان سے دوبارہ رابطہ کرکے تعاون طلب کرے گی اور اگر انہوں نے تعاون نہ کیا تو اتھارٹی انہیں نوٹس جاری کرنے اور قانون کے مطابق مزید کارروائی پر غور کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان کی این سی سی آئی اے انکوائری کے خلاف درخواست مسترد، میڈیا سے گفتگو کی اجازت بھی نہ مل سکی

اتھارٹی چاہتی ہے کہ محمد رضوان تحقیقات میں تعاون کریں تاکہ تفتیش مکمل کرکے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے، محمد رضوان کے موبائل فون کا فرانزک معائنہ ان کی موجودگی میں کیا جانا ہے، جس کے لیے ان کی دستیابی ضروری ہے۔

فرانزک معائنہ دوسرے طریقوں سے کرنے کا آپشن بھی موجود ہے، تاہم اس صورت میں ڈیٹا ضائع ہونے کا خدشہ ہے جو کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp