آپریشن ردالفتنہ 3: چاغی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگرد ہلاک

منگل 29 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔

مزید پڑھیں:آپریشن ردالفتنہ 3: سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی، 9 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔ اس سے قبل 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق صوبے سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:آواران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،  فتنہ الہند کے 3 دہشتگرد ہلاک

وزیراعظم نے کامیاب آپریشنز میں حصہ لینے والے سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp