پی ٹی آئی کا لانگ مارچ غریب عوام کی پریشانیاں مزید بڑھادے گا، خیبر کے نوجوانوں کا تبصرہ

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے آبائی علاقے اور ان کے انتخابی ضلعے خیبر کے نوجوانوں نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب عوام کے لیے مزید مشکلات اور پریشانیوں کا باعث قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اپنے انتخابی حلقے کے لوگ بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے نالاں کیوں؟

ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے شاہ کس میں محنت مزدوری کرنے والے ایک قبائلی نوجوان نے وی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں اس نوعیت کے کئی لانگ مارچ اور احتجاج کر چکی ہے تاہم ہر مرتبہ حالات پہلے سے زیادہ خراب ہوئے۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام پہلے ہی معاشی مشکلات سے دوچار ہیں اور ایک وقت کا کھانا مل جائے تو دوسرے وقت کے لیے صبر کرنا پڑتا ہے جبکہ صوبے میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث نوجوانوں میں بے چینی اور ٹینشن بڑھ رہی ہے اب ایسے حالات میں لانگ مارچ غریب عوام کے مسائل کم کرنے کے بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔

باڑہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور نوجوان نے وی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی مسائل کا حل لانگ مارچ کے بجائے مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

ان کے مطابق مہنگائی اور غربت نے پہلے ہی عوام کو پریشان کیا ہوا ہے اور ایسے میں احتجاجی سیاست سے عام آدمی مزید متاثر ہوگا۔

نوجوان نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت تیراہ کے متاثرین کے مسائل پر بھی توجہ دے کیونکہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے تاحال مکمل طور پر پورے نہیں کیے گئے۔

مزید پڑھیے: تحریک انصاف کا 13 سالہ اقتدار: خیبرپختونخوا کو کیا ملا؟

تحصیل باڑہ ہی کے ایک اور نوجوان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اب بھی تشویشناک ہے جبکہ معیاری تعلیم کے لیے بھی سہولیات ناکافی ہیں۔ ان کے بقول ایسے کئی علاقے ہیں جہاں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے والے مناسب اسکول اور مدارس موجود نہیں۔

نوجوان نے سیاسی جماعتوں کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومتوں کے دور میں بعض علاقوں میں سڑکیں تعمیر ہوئیں لیکن عوام کی بنیادی ضروریات اور روزگار جیسے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں شرکت کرکے عوام خود کو مزید مشکلات میں ڈالنے کے بجائے تحریک انصاف کو اپنے سیاسی مطالبات کے لیے عدالتی اور مذاکراتی راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے ساتھ مذاکرات کے آپشنز میز پر ہیں، رانا ثنااللہ

قبائلی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ خیبر کے عوام اس وقت امن، روزگار، تعلیم اور معاشی استحکام چاہتے ہیں اور سیاسی کشمکش کے بجائے ان بنیادی مسائل کے حل کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp