بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے ’بگ باس 20‘ میں پاپارازی کے نامناسب رویے پر برہمی کا اظہار کرنے کے بعد حال ہی میں فوٹوگرافرز کے لیے پوز دے کر سب کی توجہ حاصل کرلی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں سلمان خان کو ایک ریکارڈنگ اسٹوڈیو کے باہر دیکھا جاسکتا ہے جہاں انہوں نے فوٹوگرافرز کے لیے رک کر پوز دیا اور مداحوں کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔
View this post on Instagram
اس موقع پر پاپارازی بھی اداکار کے ساتھ محتاط رویہ اختیار کرتے دکھائی دیے اور سلمان خان کے رکنے اور تصاویر بنوانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ پس منظر میں فوٹوگرافرز کو سلمان کے حلیے کی تعریف کرتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے۔
سلمان خان کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ اداکار کی جانب سے ’بگ باس‘ میں پاپارازی کو تنبیہ کیے جانے کے بعد فوٹوگرافرز ان کے ساتھ زیادہ محتاط اور مہذب انداز میں پیش آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کے شرٹ لیس ہونے پر سابق ’بگ باس‘ کنٹسٹنٹ کا سخت ردعمل
ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب سے سلمان خان نے ’بگ باس‘ میں پاپارازی کی کلاس لی ہے وہ اداکار کے ساتھ بہت شریف ہوگئے ہیں۔ ایک اور صارف نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا، ’’پاپارازی ڈر گئے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ’بگ باس 20‘ کی ایک قسط میں سلمان خان نے خواتین اداکاراؤں کی نامناسب انداز میں تصاویر لینے پر پاپارازی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مداح کا پاؤں گاڑی تلے آنے پر سلمان خان ڈرائیور پر برہم، ویڈیو وائرل
اداکار نے کہا تھا کہ بعض فوٹوگرافرز خواتین کی پیچھے سے تصاویر لیتے ہیں جو کئی اداکاراؤں کو پسند نہیں ہوتیں۔ انہوں نے سائی منجریکر، نیہا دھوپیا اور اپنی بھانجی کی مثال دیتے ہوئے ایسے رویے پر سوال اٹھایا تھا۔
سلمان خان نے اس عمل کو ’گھٹیا‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی خاتون کو اس طرح کی تصاویر بنانا پسند نہیں تو اسے اس عمل کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ اداکار نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ایسے فوٹوگرافرز کو تلاش کرنا چاہتے ہیں جو اس قسم کی تصاویر لیتے ہیں۔














