بل ادا نہیں کریں گے تو کنکشن کٹے گا، لیسکو کی ریکوری ٹیمیں شہریوں کے گھروں تک پہنچ گئیں

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے بقایا جات کی وصولی کے لیے اپنی ریکوری ٹیمیں براہِ راست شہریوں کے گھروں میں بھیجنا شروع کر دی ہیں۔

بلوں کی عدم ادائیگی پر فوری کنکشن کاٹنے کی وارننگ نے عوام میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور لیسکو کی ریکوری پالیسی پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

لیسکو اہلکاروں کے گھروں کے اچانک دوروں اور سخت رویے نے صارفین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خواجہ آصف کا لیسکو پر سنگین الزامات، ٹرانسفارمر مرمت کے نام پر 80 ہزار روپے وصول کرنے کا دعویٰ

ایک مقامی شہری نے بتایا کہ ریکوری کے لیے آنے والے اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ اعلیٰ حکام کی جانب سے بلوں کی وصولی اور کنکشن منقطع کرنے کے حوالے سے نئی اور سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صارفین کا مؤقف ہے کہ ماضی میں لیسکو کی روایتی پالیسی کے تحت مسلسل 2 ماہ تک بل ادا نہ کرنے کی صورت میں ہی بجلی کا کنکشن منقطع کیا جاتا تھا۔

تاہم حالیہ کارروائیوں اور فوری ریکوری کے مطالبات نے عوام میں یہ خوف پیدا کر دیا ہے کہ کمپنی نے اپنی پالیسی تبدیل کر لی ہے۔

لیسکو ترجمان کا مؤقف

صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات اور تحفظات پر ردعمل دیتے ہوئے لیسکو کے ترجمان نے ان الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے کہ کمپنی نے جان بوجھ کر صارفین کو بھاری بھرکم بل بھیجے ہیں۔

ترجمان نے اس بات کا اعتراف کیا کہ میٹر ریڈنگ یا بلنگ کے طریقہ کار میں انسانی یا تکنیکی غلطی کا امکان بہرحال موجود رہتا ہے۔

مزید پڑھیں:لیسکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن، 130 مقدمات کا اندراج، متعدد دھر لیے گئے

انہوں نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ جنہیں اپنے بلوں میں کسی قسم کی خرابی یا اضافے کا شبہ ہے، وہ ادائیگی کی آخری تاریخ سے قبل متعلقہ لیسکو دفتر سے رجوع کریں تاکہ غلطی کا ازالہ کیا جا سکے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصے میں ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی بجلی کے نرخوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے عام آدمی کے لیے بلوں کی ادائیگی ایک سنگین معاشی چیلنج بن چکی ہے۔

ایک طرف صارفین مسلسل ’اوور بلنگ‘ کی شکایات کر رہے ہیں، تو دوسری جانب پاور سیکٹر کے بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں اور لائن لاسز کو کم کرنے کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں ریکوری مہم کو سخت ترین کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں محکمے اور عوام کے درمیان غلط فہیماں جنم لے رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp