انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے لیے ’ٹکٹ بیلٹ‘ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شائقین یکم اکتوبر سے 21 نومبر تک ٹکٹوں کے حصول کے لیے مفت درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔
آئی سی سی کے مطابق اس ٹکٹ بیلٹ میں شرکت کے لیے کسی قسم کی کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی ہے۔ شائقین بغیر کسی اضافی قیمت کے اس ابتدائی عمل میں شامل ہو کر میگا ایونٹ تک رسائی کی کوشش کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ ٹکٹوں کی قیمتیں، اسپورٹر گروپس نے فیفا کے خلاف شکایت دائر کردی
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ ایک درخواست کے ذریعے ایک میچ کے لیے زیادہ سے زیادہ 4 ٹکٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔
شائقین کو یہ خصوصی سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے مختلف میچز کے لیے بیک وقت الگ الگ درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
ٹکٹ کی حتمی ضمانت اور طریقہ کار
کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی نے یہ بات واضح کر دی ہے کہ محض درخواست جمع کرانا ٹکٹ ملنے کی حتمی ضمانت نہیں ہوگا۔
ٹکٹوں کی تقسیم باقاعدہ قرعہ اندازی اور درخواستوں کے منظور شدہ عمل کے ذریعے ہی کی جائے گی۔
آئی سی سی نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ طریقہ کار کے عین مطابق اپنی درخواستیں جمع کروائیں، تاکہ وہ میچز دیکھنے کے لیے ٹکٹ حاصل کرنے کی دوڑ میں باقاعدہ شامل ہو سکیں۔
مزید پڑھیں:ٹکر کا مقابلہ پھر ہوگا، ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں شامل کرنے کا امکان
ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی مشترکہ میزبانی جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کے سپرد کی گئی ہے۔
اس عالمی ایونٹ کے ٹکٹوں کی فروخت مرحلہ وار بنیادوں پر مکمل کی جائے گی، جس کا باقاعدہ آغاز موجودہ ٹکٹ بیلٹ سے کیا جا رہا ہے۔
یہ میگا ایونٹ نئے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا جس میں 14 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ اس سنسنی خیز ٹورنامنٹ کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔














