صبح کا وقت ہو یا دوپہر میں پشاور کی سڑکوں پر ٹریفک کا رش یا پھر بی آر ٹی اسٹیشنز پر مسافروں کی بھیڑ ایسے میں روزانہ گھر سے نکلنے والی خواتین کے لیے محفوظ اور آرام دہ سفر ہمیشہ ایک اہم ضرورت رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی آر ٹی پشاور منصوبے میں اربوں روپوں کی بے قاعدگیوں کی نشاندہی
اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے پشاور بی آر ٹی میں خواتین کے لیے خصوصی ’پنک بس سروس‘ کا آغاز کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے گزشتہ روز اس سروس کا افتتاح کیا۔
ابتدائی طور پر 5 پنک بسیں چلائی جائیں گی جو گلبہار چوک بی آر ٹی اسٹاپ سے کارخانو مارکیٹ تک 21 کلومیٹر کے روٹ پر سفر کریں گی۔ اس روٹ پر 18 اسٹیشنز شامل ہیں جبکہ بسیں پیر سے جمعے تک صبح، دوپہر اور شام کے مصروف اوقات میں چلائی جائیں گی۔ حکام کے مطابق بسوں کے درمیان تقریباً 15 منٹ کا وقفہ ہوگا۔
یہ سہولت ان خواتین کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے جو روزانہ تعلیم، ملازمت یا علاج کے لیے شہر کے مختلف حصوں میں سفر کرتی ہیں۔
کالج اور یونیورسٹی جانے والی طالبات، اسپتالوں میں کام کرنے والی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ، دفاتر جانے والی خواتین یا وہ خواتین جو روزمرہ کے کاموں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہیں ان کے لیے مخصوص بس سروس سفر کے تجربے کو مختلف بنا سکتی ہے۔
مزید پڑھیے: بی آر ٹی کا کمرشل پلازہ ’پارکنگ پلازہ‘ بن گیا، 9 سال بعد دوبارہ کمرشلائزیشن کیوں؟
پشاور بی آر ٹی میں خواتین کی بڑی تعداد پہلے ہی سفر کرتی ہے۔ سالانہ رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی کے روزانہ مسافروں میں خواتین کا حصہ 30 فیصد ہے جبکہ روزانہ تقریباً 70 ہزار سے ایک لاکھ خواتین مسافر بی آر ٹی سروس استعمال کرتی ہیں۔
پنک بس سروس کا ایک اہم پہلو اس کا کرایہ بھی ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے افتتاحی تقریب میں اعلان کیا کہ پنک بسوں میں سفر کرنے والی خواتین کے لیے کرایہ دیگر بسوں کے مقابلے میں 25 فیصد کم ہوگا تاہم اس رعایت کے عملی اطلاق کی تفصیلات سروس کے آغاز کے ساتھ واضح ہونا باقی ہیں۔
خواتین کے لیے مخصوص بس سروس کا مقصد صرف ایک نئی رنگ کی بس سڑک پر لانا نہیں بلکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں خواتین کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے مطابق ان کے لیے الگ سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں: پشاور: اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کا ڈیٹا بی آر ٹی اسٹیشنز کی اسکرینوں پر جاری
پشاور کی ان خواتین کے لیے جو ہر صبح ایک ہی سوال کے ساتھ گھر سے نکلتی ہیں کہ آج کا سفر کتنا آسان ہوگا پنک بس سروس اس سوال کا ایک نیا جواب بن کر سامنے آئی ہے۔













