کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے مابین جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے کے واقعے کا محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹس لے لیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق سیکریٹری داخلہ پنجاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس اہلکاروں کی ’خدمت والی فرمائش‘ پوری نہیں کر سکتے، انہیں واپس بھیجا جائے، چیئرمین داخلہ کمیٹی
کمیٹی میں ڈی آئی جی پریزن لاہور محسن رفیق، ڈی آئی جی پریزن ہیڈکوارٹر شوکت فیروز اور ڈی آئی جی پریزن انسپکشن نوید رؤف شامل ہیں۔
اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے زخمی قیدیوں اور جیل عملے سے معلومات حاصل کرنا شروع کردی ہیں۔
ترجمان کے مطابق انکوائری کے ذریعے واقعے کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، جس کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں: لاہور: پولیس والے سوشل میڈیا پر باوردی تصاویر و ویڈیوز شیئر نہیں کرسکیں گے، پرانا مواد حذف کرنے کا بھی حکم
سیکریٹری داخلہ پنجاب نے زخمی قیدیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ان کی ہدایت پر آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکریٹری پریزن رومان بورانہ جنرل اسپتال میں موجود ہیں جہاں زخمی قیدیوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کی جا رہی ہے۔














