پاکستان نے ہانگ کانگ کو 2-1 سے شکست دے کر ایشین گیمز کے مردوں کے ٹیم اسکواش ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی، جس کے ساتھ ہی پاکستان کا کم از کم سلور میڈل یقینی ہوگیا۔
ناگویا کینجو فُٹو ایرینا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں پاکستان کو پہلے میچ میں نور زمان کو ہانگ کانگ کے تجربہ کار کھلاڑی ٹز کوان لاؤ کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: والی بال: پاکستان نے ایشین گیمز میں بھارت کو آؤٹ کلاس کردیا، سیمی فائنل میں رسائی
عالمی نمبر 33 نور زمان نے پہلا گیم سخت مقابلے کے بعد 10-12 سے جیتا، تاہم لاؤ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تینوں گیمز 11-3، 11-6 اور 11-5 سے جیت کر ہانگ کانگ کو برتری دلا دی۔
پاکستان نے دوسرے میچ میں محمد اشعب عرفان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت مقابلہ برابر کردیا، عالمی نمبر 50 اشعب نے ہانگ کانگ کے عالمی نمبر 57 چی ہِن ہنری لیونگ کو0-3 سے شکست دی۔
PAKISTAN BEAT HONG KONG, CHINA 2–1 TO REACH THE FINAL
Team Pakistan defeated Hong Kong, China 2–1 in the Men’s Team Semifinal of Squash at the 20th Asian Games, Aichi-Nagoya 2026.With this victory, Pakistan have secured their place in the final and will compete for the gold medal pic.twitter.com/LTt141cl7U— Pakistan Olympic Association (@NOCPakistan) October 1, 2026
اشعب نے پہلا گیم 5-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں 6-0 کے خسارے سے شاندار واپسی کی اور 11-13 سے کامیابی حاصل کی۔ تیسرے گیم میں بھی انہوں نے 7-11 سے کامیابی سمیٹ کر پاکستان کو فیصلہ کن میچ میں پہنچا دیا۔
فیصلہ کن میچ میں تجربہ کار ناصر اقبال نے چیوک نام لائی کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد پاکستان کو فتح دلائی, ناصر نے پہلا گیم 12-10 سے ہارنے کے بعد زبردست کم بیک کیا اور اگلے 2 گیمز 3-11 اور 9-11 سے جیت لیے۔
چوتھے گیم میں لائی نے 7-2 کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 10-10 سے برابر کردیا اور 2 مرتبہ گیم پوائنٹ بھی حاصل کیا، تاہم ناصر نے دونوں مواقع پر پوائنٹ جیت کر بالآخر12-14 سے گیم اپنے نام کرتے ہوئے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلا دی۔
مزید پڑھیں: عبدالصمد کی دھواں دار اننگز، پاکستان ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں پہنچ گیا
پاکستان کی ٹیم اب گولڈ میڈل کے لیے بھارت اور ملائیشیا کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کے فاتح سے مقابلہ کرے گی۔
پاکستان نے 2022 کے ہانگژو ایشین گیمز میں بھی اسکواش ٹیم ایونٹ کا سلور میڈل حاصل کیا تھا، جبکہ 2010 میں گوانگژو ایشین گیمز میں ملائیشیا کو 0-2 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا تھا۔
ناگویا میں فتح پاکستان کو 2010 کے بعد پہلی بار ٹیم اسکواش کا طلائی تمغہ جیتنے کا موقع فراہم کرے گی۔
مزید پڑھیں: ایشین گیمز: ارشد ندیم ناکام، سری لنکن ایتھلیٹ رومیش تھرنگا پاتھیراگے نے گولڈ میڈل جیت لیا
دریں اثنا پاکستان کے تجربہ کار شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر نے مردوں کے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ ایچی پریفیکچرل جنرل شوٹنگ گیلری میں غلام مصطفیٰ نے 8 رکنی فائنل میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وہ 578 پوائنٹس اور 19 اِنر ٹین کے ساتھ کوالیفکیشن میں چھٹے نمبر پر رہتے ہوئے فائنل میں پہنچے تھے۔
فائنل میں دباؤ کے باوجود پراعتماد کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی، یوں ایشین گیمز میں پاکستان کو شوٹنگ کا پہلا میڈل بھی دلادیا۔














