شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمان کی ملاقات کا معاملہ، وزیراعظم کی مزید مہلت کی استدعا، جماعت کا انکار

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے متوقع لانگ مارچ کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان 2 روز قبل اہم ملاقات ہوئی، تاہم اس ملاقات کو میڈیا اور منظر عام سے پوشیدہ رکھا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیرونِ ملک دورے سے واپسی کے بعد وزیراعظم نے اپنے وعدے کے مطابق امیر جماعت اسلامی سے رابطہ کیا اور یہ ملاقات انجام پائی۔

دورانِ ملاقات حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی سے مزید کچھ دنوں کی مہلت مانگی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم لیوی سے متعلق حکمتِ عملی اور بات چیت کے ذریعے معاملے کو پرامن انداز میں حل کیا جا سکے۔

حکومت نے جماعت اسلامی کو اپنے کیے گئے وعدوں پر پیشرفت کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ان رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جماعت اسلامی نے حکومت کا مزید وقت مانگنے کا مطالبہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ اب محض یقین دہانیوں سے کام نہیں چلے گا اور حکومت کو اپنے وعدے پر فوری طور پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔

جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اپنے مؤقف پر مکمل طور پر قائم ہے۔ 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں غزہ کے حوالے سے ایک بہت بڑا اجتماع منعقد ہونے جا رہا ہے، اور اسی مارچ کے موقع پر جماعت اسلامی حکومت کے خلاف آئندہ کے حتمی اور نئے لائحہ عمل کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp