مسٹر بین کے نام سے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والے معروف برطانوی کامیڈین و اداکار روون اٹکنسن تقریباً 40 سال بعد ویسٹ اینڈ کے کامیڈی اسکیچ شو میں ایک بار پھر اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روون اٹکنسن اگلے برس لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں ہونے والے خصوصی کامیڈی اسکیچ شو میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ اس شو میں نیا مزاحیہ مواد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اداکار کے مشہور خاکے اور مقبول کردار بھی شامل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے شادی کرلی، دلہن کون ہیں؟
روون اٹکنسن اس منفرد اسٹیج پروڈکشن کے لیے معروف کامیڈی سیریز ’بلیک ایڈر‘ کے شریک مصنفین رچرڈ کرٹس اور بین ایلٹن کے ساتھ دوبارہ کام کریں گے، جبکہ موسیقی کی ذمہ داری معروف موسیقار ہاورڈ گوڈال سنبھالیں گے۔
رپورٹس کے مطابق روون اٹکنسن اس شو میں محدود تعداد میں پرفارمنس دیں گے۔ ان کی مجموعی طور پر 30 پرفارمنسز شیڈول ہیں جبکہ شو 8 فروری سے 13 مارچ تک لندن کے گیلیان لین تھیٹر میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی اداکارہ کم کارڈیشیئن لا کے امتحانات میں فیل، ناکامی کا ذمہ دار کسے قرار دیا؟
روون اٹکنسن کی اسٹیج پر واپسی کو ان کے مداحوں کے لیے خاص قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ ’مسٹر بین‘ کے کردار نے انہیں دنیا بھر میں بے مثال شہرت دلائی اور ان کا شمار برطانیہ کے کامیاب ترین مزاحیہ اداکاروں میں ہوتا ہے۔
اسٹیج پر تقریباً چار دہائیوں بعد واپسی کے اعلان نے روون اٹکنسن کے مداحوں میں بھی خاصا جوش و خروش پیدا کردیا ہے جو ایک بار پھر اپنے پسندیدہ کامیڈین کو براہِ راست پرفارم کرتے دیکھ سکیں گے۔










