شاہ رخ خان کی رہائش گاہ پر 2 بڑے سانپ نکل آئے، وکی دوبے کی طلبی

منگل 18 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ میں 2 بڑے سانپ نکل آنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد سانپوں کو پکڑنے کے لیے امدادی کارروائی کی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ پیر 17 اگست کو ہندوؤں کے تہوار ناگ پنچمی کے موقع پر پیش آیا۔ سانپوں کو شاہ رخ خان کے ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع گھر کے احاطے میں دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ممنوعہ پان مصالحہ برانڈ کی تشہیر پر شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کو نوٹس جاری

سانپوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سانپ پکڑنے والے وکی دوبے کو رات تقریباً 8 بجے طلب کیا گیا۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے حکام اور ممبئی رینج آفس، تھانے کو اطلاع دینے کے بعد ’منت‘ پہنچ کر کارروائی میں حصہ لیا۔

رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران ایک سانپ کو بحفاظت پکڑ کر رہائشی علاقے سے دور چھوڑ دیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دونوں سانپ زہریلے تھے یا نہیں۔

ناگ پنچمی کیا ہے؟

ناگ پنچمی ہندو مذہب کا ایک روایتی تہوار ہے جس میں سانپوں سے منسوب دیوتاؤں کی پوجا کی جاتی ہے۔ یہ تہوار قمری مہینے کے روشن حصے کے 5چویں روز منایا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان کا اشتہار بھی تنازع کا شکار

شاہ رخ خان کی رہائش گاہ پر سانپ نکلنے کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اداکار اجے دیوگن اور ٹائیگر شروف کے ساتھ ایک اشتہار کے باعث تنازع کا شکار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گریٹر ممبئی کے محکمہ خوراک و ادویات نے 11 اگست کو تینوں اداکاروں کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اشتہار میں ’وِمل الائچی‘ کے نام کا استعمال وِمل پان مصالحہ برانڈ سے تعلق کا تاثر پیدا کرتا ہے، جس سے صارفین گمراہ ہوسکتے ہیں اور بالواسطہ طور پر ممنوعہ مصنوعات کی تشہیر ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان ہمیں سموسے پہنچایا کرتے تھے، پنکج کپور کا حیران کن انکشاف

محکمے نے نوٹس کو ’حتمی انتباہ‘ قرار دیتے ہوئے تینوں اداکاروں کو 15 کاروباری دنوں کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

شاہ رخ خان اور اشتہار سے متعلق ٹیم کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp