صحت کا نظام علاج نہیں، بیماری سے بچاؤ سے شروع ہوتا ہے، مصطفیٰ کمال

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صحت کا نظام علاج سے نہیں بلکہ احتیاط سے شروع ہوتا ہے، دنیا لائف اسٹائل میڈیسن کی طرف جا چکی ہے، پاکستان کو بھی بیماری لاحق ہونے سے پہلے اس کی روک تھام پر توجہ دینا ہوگی۔

مزید پڑھیں:ذیابیطس کے بڑھتے بحران سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، مصطفیٰ کمال

جامعہ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے نظام میں اصلاحات حکومت اکیلے نہیں کرسکتی، اس کے لیے نجی شعبے اور جامعات کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ علاج معالجے کے بجائے بیماریوں سے بچاؤ پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اسپتال درد میں مبتلا انسانوں کے لیے امید کی جگہ ہوتے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے ادویات کے معیار اور فارماکوویجیلنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادویات کے مضر اثرات کی نگرانی اور معیار کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جامعات اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں:ہمارا نظامِ صحت سڑ چکا، سانحہ پمز کی انکوائری رپورٹ سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت نے بڑھتی ہوئی آبادی کو پاکستان کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک 5 سال میں قریباً پورے آسٹریلیا کے برابر آبادی پیدا کررہا ہے۔ آبادی میں اضافے سے وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے ملکی استحکام اور ترقی کے لیے آبادی میں اضافے پر قابو پانا ضروری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp