35 ویں منزل سے گر کر زندہ بچ جانے والی چینی انفلوئنسر کی 17 ماہ بعد سوشل میڈیا پر واپسی

جمعرات 22 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر نے 35 ویں منزل سے گرنے کے خوفناک حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہنے اور طویل علاج کے بعد صحت یابی کی داستان شیئر کر کے انٹرنیٹ پر ایک نیا بحث و مباحثہ چھیڑ دیا ہے۔
وسطی چین کے صوبے ہونان سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر (جن کا آن لائن نام @wananan ہے) نے تقریباً 17 ماہ کی غیر حاضری کے بعد اپنے اکاؤنٹ پر واپسی کی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ تقریباً ایک سال قبل پیش آنے والے انتہائی شدید حادثے کے بعد اب تقریباً مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں اور مصائب و مشکلات سے گزر کر انہیں ایک نیا جنم ملا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ سال جون میں وہ ایک حادثے کے نتیجے میں 35 ویں منزل سے نیچے جا گری تھیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر سنٹرل ساؤتھ یونیورسٹی کے تھرڈ ژیانگ یا اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس خوفناک حادثے میں ان کی متعدد ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں، دماغی شریان پھٹ گئی تھی، گردن کے مہروں اور اندرونی اعضاء کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ ان کی دائیں ٹانگ کا نچلا حصہ کٹ گیا تھا۔ 14 گھنٹے طویل ایمرجنسی سرجری کے بعد ڈاکٹرز ان کی جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیے چینی انفلوئنسر لی زی چی کی سوشل میڈیا پر واپسی، 3 برس کہاں غائب رہیں؟

وہ 50 دنوں تک شدید نگہداشت کے وارڈ (ICU) میں رہیں۔ ان کے معالج ڈاکٹر ژنگ وی کے مطابق علاج توقع سے کہیں زیادہ کامیاب رہا۔ انہوں نے بتایا کہ کٹی ہوئی ٹانگ کے علاوہ ان کے دیگر تمام اعضاء کے افعال بنیادی طور پر بحال ہو چکے ہیں۔

طبی ٹیم کی انتھک کوششوں کے علاوہ ان کی بقا میں ان کی قسمت کا بھی بڑا ہاتھ رہا۔ نیچے گرتے ہوئے وہ پہلے ایک درخت اور پھر جھاڑیوں سے ٹکرائیں، جس سے ان کے گرنے کی شدت کم ہو گئی اور وہ ایک جان لیوا حادثے سے بچ گئیں۔ انفلوئنسر نے اس بات پر بھی خوش قسمتی کا اظہار کیا کہ ان کے چہرے اور ہاتھوں کو کوئی شدید نقصان نہیں پہنچا۔

سوشل میڈیا پر ان کی واپسی کی ویڈیو کو اب تک 17 لاکھ سے زائد لائکس اور ایک لاکھ سے زائد تبصرے مل چکے ہیں، جبکہ ان کے فالوورز کی تعداد بھی بڑھ کر دو لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ وہ اس وقت روزانہ بحالی کی ورزشیں کر رہی ہیں اور جلد ہی مصنوعی ٹانگ  لگوانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اپنے مستقبل کے بارے میں پرامید انداز میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’میں اب بھی ان جگہوں پر جا سکتی ہوں جہاں میں جانا چاہتی ہوں، اور اگر میں چل نہ سکی تو ٹیکسی کروا لوں گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اب ان کی زندگی صرف ان کی اپنی نہیں رہی بلکہ ان تمام لوگوں کی بھی ہے جنہوں نے ان کی مدد کی۔ وہ ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے اپنی زندگی کو بھرپور اور خوبصورت انداز میں گزاریں گی۔

یہ بھی پڑھیے لائیو اسٹریمنگ کے دوران چینی انفلوئنسر کا بیوٹی فلٹر فیل، 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہوگئے

حادثے کے بعد کے مشکل دنوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جسم کے ہر حصے میں شدید درد کے باعث بحالی کا مرحلہ انتہائی سخت تھا، لیکن اس تجربے نے انہیں سکھایا کہ ’مصائب انسان کو تباہ کرنے کے لیے نہیں بلکہ مضبوط بنانے کے لیے آتے ہیں۔ زندگی صرف خوبصورت نظر آنے کا نام نہیں، بلکہ ٹوٹے ہوئے ٹکڑوں کا ہمت سے سامنا کرنے اور انہیں دوبارہ جوڑنے کا نام ہے۔‘

انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی یہ پیغام دیا کہ جو کچھ کھو گیا ہے اس کا ماتم کرنے کے بجائے جو کچھ باقی ہے اور حاصل ہوا ہے اس پر توجہ دیں۔

سوشل میڈیا صارفین اور اسپتال کے آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے بھی ان کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے ان کے ’نئے جنم‘ پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی زبردست قُوّتِ ارادی کی تعریف کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp