کیا حکومت عام انتخابات میں ایک سال تک کی توسیع کر سکتی ہے؟

ہفتہ 1 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کی حکومت گزشتہ ایک سال سے ملک بھر میں مقررہ وقت پر عام انتخابات کا انعقاد نہیں چاہ رہی تھی جس کی سیاسی تجزیہ کاروں کی نظر میں وجہ یہ تھی کہ پہلے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نسبت پی ڈی ایم جماعتوں کی مقبولیت کم تھی لیکن 9 مئی واقعات کے بعد پی ٹی آئی کی 100 سے زائد اہم وکٹیں گر گئیں اور اس کے لیے تمام حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرنا مشکل ہو گیا۔ اب ایسا لگ رہا کہ کوئی بھی پی ٹی آئی میں شامل ہونا نہیں چاہتا اور نہ ہی اس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنا چاہتا ہے۔

پی ٹی آئی کی مقبولیت میں واضح کمی کے بعد اب ایسا لگ رہا ہے کہ حکومت بھی جلد انتخابات کی خواہاں ہے اور تجزیہ کاروں کے خیال میں اب امکانات یہی لگتے ہیں کہ عام انتخابات وقت پر ہی ہوں گے۔ وی نیوز نے تحقیق کی کہ موجودہ حکومت عام انتخابات میں کب تک توسیع کر سکتی تو معلوم ہوا کہ حکومت عام انتخابات میں اکتوبر 2024 تک توسیع کر سکتی ہے۔

اسمبلی کی مدت کب مکمل ہو رہی ہے؟

سنہ2018 میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد 12 اگست کو پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی وجود میں آئی تھی۔ قومی اسمبلی کی مدت 5 سال ہوتی ہے۔ موجودہ قومی اسمبلی کی 5 سالہ مدت 12 اگست کو مکمل ہو جائے گی۔ آئین کے مطابق اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے 60 دن بعد الیکشن کا انعقاد لازمی ہے۔

عام انتخابات میں 3 ماہ کی توسیع کیسے ہو سکتی ہے؟

حکومت کے پاس عام انتخابات میں توسیع کے لیے آپشنز کے حوالے سے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا کہ ویسے تو آئین کے مطابق اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے 60 دن میں الیکشن کا انعقاد لازمی ہے تاہم اگر حکومت اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے ایک دن قبل یعنی 11 اگست کو اسمبلی تحلیل کر دیتی ہے تو اس صورت میں الیکشن کے انعقاد کے لیے 90 روز یعنی کے 11 نومبر تک کا وقت مل جاتا ہے، اس طرح حکومت 11 نومبر تک کی تاخیر کر سکتی ہے۔

حکومت کے پاس اکتوبر 2024 تک بھی عام انتخابات میں توسیع کا آپشن موجود ہے

پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا کہ آئین پاکستان میں قومی اسمبلی کی مدت میں ایک سال کی توسیع کا ایک اور آپشن موجود ہے لیکن وہ صرف ایمرجینسی کی صورت میں ہو سکتا ہے۔ ایمرجینسی میں قومی اسمبلی کی مدت میں ایک سال کی توسیع ہو جاتی ہے اور موجودہ اسمبلی ہی ایک سال تک فعال رہتی ہے تاہم آئین کے مطابق ایمرجینسی کی صورتحال میں صوبائی اسمبلی کی مدت میں توسیع نہیں ہو سکتی ہے۔

احمد بلال محبوب کے مطابق ایسا نظر نہیں آ رہا کہ حکومت ایمرجنسی نافذ کر کہ انتخابات میں تاخیر کرے گی جب کہ اس نے پنجاب میں الیکشن اس لیے بھی نہیں کرائے کہ وہ پورے ملک میں ایک ہی وقت میں انتخابات کرانا چاہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت انتخابات کی تیاریوں اور معیشت کی بہتری کے لیے وقت حاصل کرنا چاہے تو آئین کے مطابق ایمرجینسی ڈکلیئر کر کے موجودہ اسمبلی کی مدت اگست 2023 سے آگست 2024 تک بڑھائی جا سکتی ہے، اسمبلی کی مدت مکمل ہونے کے بعد 2 ماہ میں یعنی اکتوبر 2023 تک کا وقت حاصل کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان میں عام انتخابات کب ہوتے نظر آ رہے ہیں؟

عام انتخابات کے اکتوبر 2023 میں انعقاد سے متعلق سوال پر تجزیہ کار نادیہ نقی نے وی نیوز کو بتایا کہ پی ڈی ایم ماضی قریب تک الیکشن سے خوفزدہ تھی اور اس میں تاخیر چاہتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے اور الیکشن وقت پر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔

نادیہ نقی نے کہا کہ ن لیگ میں ایک گروپ چاہتا ہے کہ الیکشن کا انعقاد فوری ہو جائے تاکہ اسٹیبلشمنٹ کی جڑیں زیادہ مضبوط ہونے سے قبل نئی حکومت کا قیام عمل میں آجائے۔

احمد بلال محبوب نے وی نیوز کے سوال پر کہا کہ اب ایسا لگ رہا ہے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے اور ایسی کوئی وجہ نہیں کہ اس میں تاخیر ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بہت زیادہ ہو تب بھی عام انتخابات میں ایک ماہ سے زائد عرصے کی توسیع نہیں ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp