وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بورڈ کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب شفاف طریقے سے میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے، جبکہ مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے واضح اہداف اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع ایکشن پلان تیار کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں اصلاحات، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو اور مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لیے اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بورڈ میں نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے قابل اور تجربہ کار ماہرین کو شامل کیا جائے تاکہ اسے ایک مؤثر اور فعال ادارہ بنایا جاسکے۔
وزیراعظم نے کہاکہ مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری کے مکمل خاتمے کے لیے ایسا جامع ایکشن پلان پیش کیا جائے جس میں واضح اہداف، قابل پیمائش نتائج اور ان کے حصول کے لیے مقررہ مدت کا تعین کیا گیا ہو۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے اسلام آباد میں مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین تیار کرنے کا پلانٹ قائم کررہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ لائیو اسٹاک اور ڈیری کے شعبے کی ترقی کے لیے عالمی معیار کے مشیروں کی خدمات حاصل کی جائیں اور اس شعبے میں مہارت رکھنے والے ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنے کے ساتھ ان سے شراکت داری کو بھی فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک کے شعبے میں وسیع استعداد موجود ہے، جسے ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ جانوروں کی صحت، افزائش نسل، پیداوار اور مصنوعات کی تیاری سے منڈی تک ترسیل کے نظام میں بہتری لاکر پاکستان کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ ان اقدامات سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے وزیراعظم کو لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو، جانوروں کی بیماریوں کی نگرانی، ویکسینیشن، مویشیوں کی شناخت اور ان کے ریکارڈ و نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے نظام سے متعلق بریفنگ دی۔
حکام نے گوشت اور ڈیری مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، ڈاکٹر مصدق ملک، عطااللہ تارڑ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











