الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع اور صوبے کے دیگر حلقوں کی موجودہ حد بندیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 23 اکتوبر 2026 کو بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبر درست نہیں، جس میں کہا گیا تھا کہ کمیشن نے خیبرپختونخوا کے نئے اضلاع کے قیام اور تحصیلوں کی تبدیلی کے باعث حلقہ بندیوں میں ردوبدل کیا ہے۔
وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن رولز 2017 کے رول 15 کے تحت الیکشن کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ انتخابی فہرستوں میں کسی پولنگ اسٹیشن کی دوبارہ حلقہ بندی یا نئی حد بندی کی ضرورت پیش آنے پر اس کا جائزہ لیا جا سکے۔ تاہم، اس عمل کا مقصد موجودہ حلقہ بندیوں میں تبدیلی کرنا نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ ضم شدہ اضلاع کے حلقوں کی حد بندیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ حلقے عام انتخابات 2024 کے وقت بھی موجودہ حدود کے مطابق تھے اور آئندہ بھی انہی حدود کے مطابق رہیں گے۔
بیان کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 22 کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، تاہم اس شق کا اطلاق اس وقت ہوتا ہے جب کسی موجودہ حلقے کی حدود میں تبدیلی مقصود ہو۔ الیکشن کمیشن نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ موجودہ حلقوں کی حدود میں تبدیلی کا کوئی عمل شروع نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی حلقے کی حد بندی تبدیل کی گئی ہے۔










