سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ڈھوک امب میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی واردات کا مقدمہ تھانہ جاتلی میں درج کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔
مقدمہ سابق وزیراعظم کے پرسنل اسسٹنٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا، متنِ مقدمہ کے مطابق مدعی جب سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پہنچا تو وہاں ملازم علی اکبر موجود نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’سوشل میڈیا ٹرائلز ناقابلِ قبول‘، راجہ پرویز اشرف کا ڈرگ کیس ویڈیو پر ردِعمل
ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے دریافت کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں ہے۔
مقدمے کے مطابق رہائش گاہ کے کمروں کی جانچ پڑتال کے دوران 3 ایئر کنڈیشنرز، 2 دروازے، 3 کھڑکیاں، گھاس کاٹنے والی مشین اور قالین غائب پائے گئے۔
چوروں کو پڑ گئے مور…..
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری
چور 3 اے سی، دروازے، کھڑکیاں، گھاس کاٹنے والی مشین، قالین لے گئے۔ پولیس نے گھریلو ملازمین کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ pic.twitter.com/rKvhHIWeTP— Fayyaz Shah (@RebelByThought) October 24, 2026
اس کے علاوہ گھر سے 3 پنکھے، آرائشی اشیا، کراکری اور دیگر سامان بھی چوری ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
متنِ مقدمہ میں ایک اور گھریلو ملازم محمد زادہ سے بھی پوچھ گچھ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا اسلام آباد ہائیکورٹ کو راجہ پرویز اشرف کے خلاف آبزرویشنز حذف کرنے کا حکم
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، تاہم تاحال ان کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔
تھانہ جاتلی کی تفتیشی ٹیم سمیت پولیس افسران ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں، پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔










