خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت کا انحصار صوبے کی صورتحال پر ہوگا، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور

منگل 27 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبے کو بدامنی، دہشتگردی اور ناقص طرز حکمرانی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جن پر قابو پانے، حالات کو درست سمت میں گامزن کرنے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے کے لیے ایک مخصوص مدت دی گئی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس دوران عوام کو عملی طور پر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مدت کا انحصار صوبے کی صورتحال پر ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے کے 12 اضلاع گورنر اور ان کی ایڈوائزری کونسل کے زیر انتظام ہیں، جہاں انتظامی امور میں تیزی لانے، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے 3 الگ سیکریٹریٹ قائم کیے گئے ہیں۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق ان سیکریٹریٹس کے قیام کا بنیادی مقصد متعلقہ اضلاع میں انتظامی امور کو تیز اور مؤثر بنانا ہے تاکہ وہاں کے عوام کو ماضی میں درپیش مسائل اور مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مقررہ مدت کے اندر ان علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا اور نمایاں پیشرفت یقینی بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے سہیل آفریدی کے حوالے سے کہا کہ وہ خیریت سے ہیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق حالات معمول پر آنے کے بعد سہیل آفریدی دوبارہ منظرِ عام پر آجائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp