ملتان میں زیر تعمیر پلازے کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 6 شدید زخمی

منگل 27 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان کے ناردرن بائی پاس پر این سی بی اے یونیورسٹی کے قریب زیر تعمیر پلازے کی چھت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئے، ملبے تلے مزید ایک مزدور کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے بعد امدادی ٹیموں نے ملبے سے 7 مزدوروں کو نکال لیا، جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا جبکہ 6 زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق مزدور کی شناخت 38 سالہ راشد کے نام سے ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ گل پلازہ: 73 افراد کی ہلاکت کی بنیادی وجہ دم گھٹنا قرار

زخمی مزدوروں میں 2 بھائی توقیر اور قدیر بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔

حادثے کے وقت زیر تعمیر عمارت میں 10 سے 15 مزدور کام کررہے تھے کہ اچانک چھت گر گئی۔ ضلعی ایمرجنسی افسر ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق چھت عمارت کے ڈھانچے میں خرابی کے باعث گری۔ عینی شاہدین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایک مزدور اب بھی ملبے تلے دبا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا واقعہ، 14 بچے جاں بحق، مالک مکان زیر حراست

ڈسٹرکٹ کونسل ملتان کے چیف افسر محمد اظہر کے مطابق زیر تعمیر عمارت 2 کنال پر مشتمل رہائشی عمارت تھی، جس کے نقشے کی منظوری اگست میں دی گئی تھی، تاہم وہاں منظور شدہ رہائشی عمارت کے بجائے غیر قانونی طور پر گودام تعمیر کیا جارہا تھا۔

ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائیوں کے لیے 10 گاڑیاں جائے حادثہ پر روانہ کی ہیں۔ امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے ممکنہ مزدور کی تلاش میں مصروف ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp