نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام (ایس اے پی) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا 52واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی مجموعی پیشرفت اور فنڈز کے استعمال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مساوی سماجی و اقتصادی ترقی یقینی بنانے کے لیے فنڈز کی تقسیم اور استعمال کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کے تحت فنڈز کی منصفانہ اور یکساں تقسیم یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے تمام عملدرآمد کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھی جائے، اعلیٰ معیار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی تکمیل کی رفتار تیز کی جائے تاکہ بنیادی سہولیات اور انفرااسٹرکچر کے ثمرات مؤثر انداز میں متعلقہ آبادیوں تک پہنچ سکیں۔
اسحاق ڈار نے کمیٹی کو مزید ہدایت کی کہ مالی وسائل کے بروقت استعمال کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقیاتی منصوبوں کے نتائج قومی سطح پر مقرر کردہ پائیدار ترقی کے اہداف سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہوں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ، ارکان قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف، پلین بلوچ اور شازیہ مری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری کابینہ اور صوبوں سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔











