پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے ہاتھوں ون ڈے سہ فریقی سیریز کے آخری لیگ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست کو بھلا کر ہفتے کو ہونے والے فائنل پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو اپنی بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانا ہوگا اور فیصلہ کن معرکے میں بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔
لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے لیگ مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 25.3 اوورز میں صرف 110 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ 111 رنز کا ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ سری لنکا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز: 5ویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8وکٹوں سے شکست دے دی، انگلینڈ فائنل کی دوڑ سے باہر
پاکستان نے اس میچ سے قبل اتوار کو انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی اور مسلسل 3 میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنا چکا تھا، تاہم سری لنکا کے خلاف شکست نے ٹیم کی بیٹنگ کارکردگی پر سوالات کھڑے کردیے۔ پاکستان کا 110 رنز پر آؤٹ ہونا قذافی اسٹیڈیم میں اس کا دوسرا کم ترین ون ڈے مجموعہ تھا۔ اس سے قبل 2009 میں سری لنکا ہی کے خلاف پاکستان کی ٹیم 75 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم 33 گیندوں پر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ حسن نواز نے 31 گیندوں پر 17 رنز بنائے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 15 اور عارفات منہاس نے 10 رنز بنائے، جبکہ باقی بیٹرز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سری لنکا کو فائنل میں شکست دے کر ٹی20 سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی
سری لنکا کی جانب سے کمیندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر ناقابل شکست 62 رنز بنائے، جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ سری لنکن ٹیم نے 111 رنز کا ہدف 2 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا اور پاکستان کو اس کی ہوم سیریز میں پہلی شکست سے دوچار کردیا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے اعتراف کیا کہ گزشتہ 3 سے 4 میچز کے دوران پاکستان کی ابتدائی بیٹنگ مسلسل مشکلات کا شکار رہی ہے، جبکہ سری لنکا کے خلاف مڈل آرڈر کی ناکامی نے بھی ٹیم کو بڑا مجموعہ بنانے سے روک دیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ 3 سے 4 میچز سے ٹیم کی ابتدائی بیٹنگ لڑکھڑا رہی ہے۔ پاکستان نے اس دوران 3 میچز جیتے، تاہم آج شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی سیریز ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، تینوں کپتانوں کی شرکت
قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم کو اس شکست کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے۔ فائنل سے پہلے 3 دن موجود ہیں، جن میں کھلاڑی پریکٹس کرکے اپنی خامیوں کو دور کرسکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فائنل میں بہتر بیٹنگ کے ساتھ میدان میں اترے گا۔ شاہین کے مطابق ٹیم کو موجودہ شکست کو جلد بھلا کر گزشتہ میچز کی مثبت باتوں سے سبق لینا ہوگا تاکہ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن مقابلے میں مضبوط کھیل پیش کیا جاسکے۔











