لاہور: وزیر اعظم کا بارشوں میں ناقص انتظامات کے ذمہ داروں کو فوری معطل کرنے کا حکم

منگل 27 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کرنے اور ذمہ داران کو فی الفور معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیر اعظم نے آئندہ ممکنہ بارشوں کے انتظامات کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ  وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت عید قربان پر شمالی پنجاب بالخصوص لاہور میں متوقع پری مون سون بارشوں کے لیے تیاریوں سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے لاہور میں حالیہ بارشوں پر نکاسی آب کا مناسب اور بروقت انتظام نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور لاہور میں سیلابی صورتحال میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف انکوائری کا بھی حکم دے دیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ناقص نکاسی آب کی صورت حال کے ذمہ داران کا تعین کرکے کوتاہی برتنے والے متعلقہ حکام کو فی الفور معطل کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدید بارش میں متعلقہ اداروں کے سست اقدامات نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ انہوں نے آنے والے دنوں میں ممکنہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے لیے مکمل تیاری اور عیدِ قربان کے دنوں میں انتظامیہ کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے عید کے دنوں میں ممکنہ بارشوں کی صورت میں تمام دستیاب وسائل کو بھر پور استعمال کرتے ہوئے ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے شہر میں جلد از جلد نکاسی آب کو ممکن بنانے کے لیے درکار مشینری کے حصول میں درپیش مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں عید کے دوران قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کریں تاکہ کوئی کالعدم تنظیم قربانی کی کھالیں اکٹھی نہ کر سکے۔

انہوں نے عید کے دنوں میں شہریوں کے لیے صفائی ستھرائی کے انتظامات یقینی بنانے اور عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے سد باب کے لیے بھرپور انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عید اور مون سون کے تناظر میں عوامی سہولت کے لیے خصوصی شکایات سینٹر اور کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کریں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، کمشنر لاہور اور دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp