امریکا سے تعلق رکھنے والے 96 سالہ نارمن ٹوسیننٹ نے پہلی بار 92 سال کی عمر میں نانا بننے پر گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ان کی نواسی میڈیسن کی پیدائش 22 ستمبر 2022 کو ہوئی تھی، اس وقت نارمن کی عمر 92 سال اور 24 دن تھی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی رپورٹ کے مطابق، نارمن کو اگست 2026 میں ان کی 96ویں سالگرہ کی تقریب کے دوران اس منفرد اعزاز کے لیے باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا۔ اس طرح انہوں نے پہلی مرتبہ نانا بننے والے معمر ترین شخص کا سابقہ ریکارڈ تقریباً چھ ماہ کے فرق سے توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: گوجرانوالہ کی ایتھلیٹ حرم ریحان نے بھارتی ریکارڈ توڑ کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
اس سے قبل آسٹریلیا کے چارلس اسمتھ نے 91 سال اور 209 دن کی عمر میں پہلی بار نانا بننے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ نارمن ٹوسیننٹ اور ان کی اہلیہ میری لوئس کے ہاں 1990 میں اکلوتی بیٹی کیری کی پیدائش ہوئی تھی۔ تین دہائیوں سے زائد عرصے بعد نواسی میڈیسن کی آمد نے خاندان میں خوشیوں کا ایک نیا باب کھول دیا۔
نارمن کی بیٹی کیری کے مطابق جب ان کے والد کو ان کے حاملہ ہونے کی خبر ملی تو وہ بے حد خوش، جذباتی اور فخر محسوس کر رہے تھے۔ کیری کا کہنا تھا کہ عمر رسیدہ والد کے ساتھ زندگی گزارنے نے انہیں اپنے والدین کے ساتھ گزارے جانے والے وقت کی اہمیت کا احساس دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا میں سب سے زیادہ، 181 گینز ورلڈ ریکارڈ جیتنے والا شخص کون ہے؟
انہوں نے اپنی شادی کا ایک جذباتی لمحہ بھی یاد کیا، جب اپنے 86 سالہ والد کو اپنے ساتھ موجود دیکھ کر ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ کیری کے مطابق نواسی کی پیدائش اور والد کو عالمی ریکارڈ کے لیے تسلیم کیا جانا ان کی زندگی کے یادگار ترین لمحات میں شامل ہیں۔
خاندان کے افراد نے ایک دوسرے کے قریب رہنے کے لیے ورجینیا سے شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ منتقل ہونے کا فیصلہ بھی کیا۔ سماعت میں دشواری کے باوجود نارمن ٹوسیننٹ اپنی نواسی کے ساتھ وقت گزارنے اور اس کے ساتھ مضبوط تعلق قائم رکھنے کے لیے مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ دونوں کھیلتے ہیں، کھیل کے میدان میں ایک دوسرے کے پیچھے بھاگتے ہیں اور چھوٹے ڈونٹس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کی سب چھوٹی بکری ‘کرومبی’ کا نام گینز ورلڈ ریکارڈ میں درج
کیری کے مطابق میڈیسن کو اپنے دادا دادی کے گھر جانا اور ان کے ساتھ سوئمنگ پول میں وقت گزارنا بھی پسند ہے۔ نارمن ٹوسیننٹ پیشے کے اعتبار سے کلینیکل سائیکالوجسٹ رہ چکے ہیں جبکہ انہیں کتابیں پڑھنے، معمے حل کرنے، موسیقی کی محفلوں اور عجائب گھروں میں دلچسپی ہے۔ ان کی بیٹی کی خواہش ہے کہ وہ اپنی نواسی میں بھی مطالعے کا شوق پیدا کریں اور اسے سونے سے پہلے کہانیاں پڑھ کر سنائیں۔











