نیدرلینڈز کا 25 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کرکے اے آئی سے کام لینے کا منصوبہ

بدھ 28 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیدرلینڈز کی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور دفتری امور کی انجام دہی میں تیزی لانے کے لیے 2035 تک 25 ہزار سرکاری ملازمتیں ختم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ اس اقدام کے تحت حکومتی افرادی قوت میں تقریباً 16 فیصد کمی کی جائے گی جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)  اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کام کی رفتار اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کے بڑھتے اثرات، خواتین کی ملازمتیں اگلے 10 سال میں ختم ہو جائیں گی؟

منصوبے پر عمل درآمد مکمل ہونے کے بعد حکومت کو ساڑھے 3 ارب یورو کی بچت متوقع ہے۔ حکام کے مطابق ملازمتوں میں کمی اور دیگر اصلاحات کے ذریعے سرکاری نظام کو کم اخراجات کے ساتھ زیادہ مؤثر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

نیدرلینڈز کے ریاستی سیکریٹری برائے مملکت سے متعلق امور اور مؤثر حکمرانی ایرک وان ڈیر برگ کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں کمی کے نتیجے میں صرف 2027 کے دوران 90 کروڑ یورو کی بچت ہوسکے گی۔ ان کے مطابق حکومت ایسے اقدامات اختیار کرنا چاہتی ہے جن سے مرکزی حکومت کے کام کو زیادہ مؤثر بنایا جاسکے اور افرادی قوت کی ضرورت بھی کم ہو۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی تیز رفتار پیش قدمی سے کونسی ملازمتیں خطرے میں؟ بل گیٹس نے بتا دیا

حکومت کو توقع ہے کہ سرکاری امور میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے پیداواری صلاحیت میں 20 فیصد تک اضافہ ممکن ہوگا۔ اس کے ساتھ قوانین اور ضوابط کو آسان بنانے پر بھی کام کیا جائے گا تاکہ سرکاری اداروں پر کام کا بوجھ کم ہو اور روزمرہ کے معاملات کم وقت میں نمٹائے جاسکیں۔

اس مقصد کے لیے نیدرلینڈز کی حکومت نے ایک سال کے دوران کم از کم 500 قوانین اور ضوابط ختم کرنے یا ان میں آسانیاں پیدا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومتی حکمت عملی کے تحت دفتری طریقہ کار کو سادہ بنانے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی سے کن ملازمتوں کو خطرہ؟ فورڈ سربراہ نے خبردار کردیا

تاہم اخراجات میں کمی کے لیے حکومت کا منصوبہ صرف مصنوعی ذہانت تک محدود نہیں۔ سرکاری دفاتر میں جگہ کے بہتر استعمال کے لیے 2 ملازمین کے درمیان ایک میز مشترک کرنے، اضافی سرکاری عمارتیں فروخت کرنے اور اطلاعاتی نظام کو یکساں معیار پر لانے جیسے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔

یہ منصوبہ سرکاری شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے، جہاں حکومتیں اخراجات کم کرنے، انتظامی امور بہتر بنانے اور محدود وسائل میں زیادہ کام کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سمیت مختلف طریقے اختیار کررہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp