پاکستان کے سینیئر اداکار فردوس جمال نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں گھر کے اندر ہونے والی کشیدگی اور خاندانی جھگڑوں نے ان کی شخصیت اور اداکاری پر گہرا اثر ڈالا۔ ان کے مطابق فلمیں دیکھنے کے شوق کے ساتھ گھر میں پیش آنے والے واقعات نے بھی انہیں ڈرامے کی دنیا کو سمجھنے اور کرداروں کی باریکیوں کو محسوس کرنے میں مدد دی۔
یہ بھی پڑھیں:فردوس جمال کے سینئر فنکاروں کے خلاف بیانات پر شائستہ جبین برہم
فردوس جمال نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے بچپن کے چند ایسے پہلو بیان کیے جن کے بارے میں ان کے مداح کم جانتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے کم عمری ہی میں ان میں اداکاری کا رجحان محسوس کرلیا تھا اور وہ انہیں فلمیں دکھانے کے لیے لے جایا کرتے تھے۔ اس طرح ان میں فلمی دنیا سے دلچسپی پیدا ہوئی۔
اداکار کے مطابق ان کے خاندانی ماحول نے بھی ان کی طبیعت اور اداکاری کی صلاحیتوں پر اثر ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی 2 بیویاں تھیں اور ان کے بہن بھائیوں کی تعداد تقریباً 10 تھی۔ گھر میں دونوں بیویوں کے درمیان شوہر کی توجہ حاصل کرنے کے معاملے پر اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بچے جوان ہیں علیحدگی کا نہیں سوچ سکتا، فردوس جمال
فردوس جمال کا کہنا تھا کہ جب ان کے والد ایک بیوی کے گھر جاتے تو دوسری بیوی روتی اور فریاد کرتی تھی۔ انہوں نے بچپن سے ایسے مناظر دیکھے، جس کی وجہ سے انہیں انسانی جذبات، گھریلو کشمکش اور رشتوں میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔
ان کے مطابق گھر کے اسی ماحول نے انہیں ڈرامائی کیفیتوں اور انسانی رویوں کو سمجھنے میں مدد دی، جو بعد میں ان کی اداکاری اور کردار نگاری میں بھی کام آئی۔











