پاکستان اور ایران کے درمیان فٹبال کے فروغ کے لیے 3 سالہ معاہدہ، مشترکہ تربیتی کیمپ اور کوچنگ کورسز پر اتفاق

جمعرات 29 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور ایران نے فٹبال کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور فٹسال کی ترقی کے لیے 3 سالہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ میچز، مشترکہ تربیتی کیمپوں، کوچنگ کورسز اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن اور ایران فٹبال فیڈریشن کے درمیان یہ معاہدہ 18 اکتوبر کو آذربائیجان کے شہر باکو کے ایک مقامی ہوٹل میں طے پایا۔ معاہدے پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی اور ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے دستخط کیے۔

یہ بھی پڑھیں: اے ایف سی فٹسال ایشین کپ 2026 کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی مرتبہ شرکت، مشکل گروپ میں شامل

معاہدے کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں، کوچز اور تکنیکی عملے کو ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور دونوں ممالک میں فٹبال کے معیار کو بلند کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت نوجوانوں کی تربیت، فٹسال، کوچز کی تعلیم، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور قومی ٹیموں کے مقابلوں پر توجہ دی جائے گی۔

ایران کو ایشیا اور عالمی سطح پر فٹسال کی مضبوط ٹیموں میں شمار کیا جاتا ہے اور اس شعبے میں اس کے تجربے سے پاکستان کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک نوجوان قومی ٹیموں کے دوستانہ میچز، مشترکہ تربیتی کیمپوں اور دعوتی ٹورنامنٹس کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان فٹسال کے شعبے میں پہلے ہی تعاون موجود ہے۔ پاکستان کی مردوں اور خواتین کی قومی فٹسال ٹیموں کی کوچنگ بالترتیب ایرانی کوچز علی ایمانی اور فاطمہ شریف نوغابی کر رہے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت اس تعاون کو مزید منظم اور وسیع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں فٹبال فیڈریشنز کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی شناخت، اکیڈمیوں کی ترقی، نوجوانوں کے مقابلوں، کوچنگ کورسز، کھیلوں کی سائنس اور اسپورٹس میڈیسن کے شعبوں میں بھی مہارتوں کا تبادلہ کریں گی۔ پاکستان کے نوجوان کوچز کو ایرانی فیڈریشن کے تربیتی پروگراموں اور کوچنگ کورسز میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے جاسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان فٹبال کے لیے نئی تاریخ، قومی ٹیم کو پہلے فیفا آسیان کپ کا بلاوا

فٹسال کے شعبے میں قومی ٹیموں کے دوستانہ میچز اور تربیتی کیمپوں کے علاوہ کوچز اور ریفریز کی تربیت پر بھی تعاون کیا جائے گا۔ ایرانی فٹسال کوچز اور ماہرین کو پاکستان بھیجنے اور قومی فٹسال لیگز کے انعقاد اور انتظامی امور میں ایرانی تجربے سے فائدہ اٹھانے کی گنجائش بھی معاہدے میں شامل ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ نوجوانوں اور فٹسال کی ٹیموں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ بنیادی سطح پر فٹبال، خواتین کی فٹبال، کھلاڑیوں کی جسمانی تیاری، ریفرینگ، کھیلوں کی سہولیات اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تربیت کے شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مردوں، خواتین، نوجوانوں، اولمپک اور فٹسال کی قومی ٹیموں کے درمیان بین الاقوامی دوستانہ مقابلوں کے انعقاد میں بھی تعاون کیا جاسکے گا۔

معاہدہ ابتدائی طور پر 3 سال تک تعاون کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے، جبکہ اس پر عمل درآمد کے لیے مخصوص سرگرمیوں، انتظامات اور عملی پروگراموں پر دونوں فیڈریشنز باہمی اتفاق سے فیصلہ کریں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp