پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان ٹیم سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اب تک اچھی کرکٹ کھیلی ہے، تاہم ٹیم ابھی اپنی بہترین کارکردگی پیش نہیں کرسکی اور امید ہے کہ کھلاڑیوں نے اپنا بہترین کھیل فائنل کے لیے بچا رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سہ ملکی ون ڈے سیریز: عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی، پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دے دی
مائیک ہیسن نے لاہور میں تربیتی سیشن کے دوران پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتے ٹیم کے لیے اچھے رہے ہیں اور کھلاڑیوں نے بعض خامیوں کے باوجود اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔ ان کے مطابق اہم کھلاڑیوں کی جانب سے نمایاں کارکردگی کے بغیر مسلسل 3 میچ جیتنا بھی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ فریقی سیریز کا فائنل ہفتے کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز دوپہر ایک بجے ہوگا۔ پاکستان نے ابتدائی 3 میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم اپنے آخری لیگ میچ میں اسے سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
قومی ٹیم نے سیریز کا آغاز سری لنکا کے خلاف 37 رنز کی کامیابی سے کیا، جس کے بعد انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دی۔ دونوں میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے۔ پاکستان نے لاہور میں انگلینڈ کو ایک وکٹ سے ہرا کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی، جس میں شاداب خان کی پہلی ون ڈے سنچری نے اہم کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان علی آغا نے چوکوں کی برسات کردی، سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار سینچری
مائیک ہیسن نے فائنل میں تجربہ کار بلے بازوں سے بڑی اننگز کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے 2 عظیم کھلاڑی ابتدائی 3 نمبروں پر کھیلتے ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ بڑے کھلاڑی بڑے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے چند اہم کھلاڑی ابھی تک میچ جتوانے والی کارکردگی دکھانے کے منتظر ہیں اور فائنل سے بہتر موقع کوئی نہیں ہوسکتا۔
پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سلمان علی آغا کی تعریف کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ پانچویں یا اس سے نچلے نمبر پر کھیلتے ہوئے ون ڈے سنچریاں بنانے کے باوجود ان کی کارکردگی کو اکثر وہ اہمیت نہیں ملتی جس کی وہ مستحق ہے۔
انہوں نے نوجوان بلے باز حسن نواز کی پیش رفت کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ ہدف کے تعاقب کے دوران کھیل کو بہتر انداز میں سمجھنے، خطرات کا درست اندازہ لگانے اور درمیانی اوورز میں اننگز کو سنبھالنے کی صلاحیت بہتر بنا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صائم ایوب ون ڈے اسکواڈ سے ریلیز، صاحبزادہ فرحان متبادل نامزد
مائیک ہیسن نے قومی ٹیم کے بولنگ اٹیک پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کی نئی گیند سے وکٹیں لینے کی صلاحیت کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین کی ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت پاکستان کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جبکہ نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی ٹیم کے لیے قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔
سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کی ناکامی کے باوجود ہیڈ کوچ نے فائنل میں ٹیم کی واپسی کے لیے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیریز کے دوران شائقین کی بھرپور حمایت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تماشائیوں نے ہر میچ میں زبردست جوش و خروش دکھایا ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ لاہور ہمیشہ پاکستانی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کرتا ہے، اسی طرح اسلام آباد میں بھی شائقین نے حوصلہ افزائی کی، اور انہیں امید ہے کہ قومی ٹیم فائنل میں شاندار کھیل پیش کرکے اپنے مداحوں کو خوش کرے گی۔











