ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان کے 3 سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی مدعو کرلیا گیا ہے، جہاں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں تاریخی ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: جو روٹ نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا، ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم
یہ یادگار ٹیسٹ میچ آئندہ سال 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس تاریخی موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے مختلف تقریبات کا اہتمام بھی کیا جائے گا، جبکہ میچ دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے اہم شخصیات کو مدعو کیا جا رہا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو اس تاریخی میچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق ٹیسٹ کرکٹر وزیر محمد 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق کپتانوں کے علاوہ دیگر ممالک کے سابق کپتانوں اور نامور کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق اور معمر کرکٹرز بھی ان تقریبات میں شریک ہوں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا اس یادگار موقع کو مزید خاص بنانے کے لیے مختلف تقریبات منعقد کرے گا، جبکہ اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ یادگاری تحائف بھی پیش کیے جائیں گے۔











