آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر پر دھماکے، انجن روم میں آگ بھڑک اٹھی

جمعہ 30 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر پر حملے اور آگ لگنے کی اطلاع دی ہے۔ ایجنسی کے مطابق واقعہ عمان کے علاقے خصب سے 25 ناٹیکل میل شمال مشرق میں پیش آیا، جہاں آبنائے ہرمز سے باہر جانے والے ایک بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

یو کے ایم ٹی او کے مطابق ایک چھوٹی کشتی ٹینکر کے بائیں جانب پہنچی اور اس کے بیرونی حصے پر پانی کی سطح سے اوپر 2 دھماکا خیز آلات نصب کردیے۔ بعد ازاں ہونے والے دھماکوں سے جہاز کے انجن روم میں آگ لگ گئی، جس کے باعث کچھ وقت کے لیے جہاز کا نظام متاثر ہوا۔

یہ بھی پڑھیے آبنائے ہرمز: تیل ہی نہیں کیبل بھی مشکل میں، پاکستان سمیت خطے میں ڈیجیٹل خدشات کیا ہیں؟

برطانوی ایجنسی نے بعد میں تصدیق کی کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں اور واقعے کے نتیجے میں سمندری ماحول کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ٹینکر نے آگ بجھنے کے بعد اپنی منزل کی جانب سفر دوبارہ شروع کردیا۔ یو کے ایم ٹی او نے دیگر بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرتے ہوئے محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی ہے۔

یہ واقعہ آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکا کے درمیان بحری آمدورفت کے معاملے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے۔ یہ اہم بحری گزرگاہ عالمی سطح پر تیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

رواں سال فروری میں امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جنگ شروع کی تھی، جس کے جواب میں تہران نے اسرائیل اور خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنایا۔ اپریل میں جنگ بندی کے بعد جون میں امریکا اور ایران نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے، تاہم سیکیورٹی انتظامات پر اختلافات کے باعث اس پر عمل درآمد تعطل کا شکار ہوگیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp