پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے ٹرائی سیریز کے میچ میں ایک نوجوان بال بوائے نے ایک ہاتھ سے بغیر دیکھے ایسا شاندار کیچ پکڑا کہ شائقین کرکٹ اور کمنٹیٹرز حیران رہ گئے۔
نوجوان کے اس غیر معمولی کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ یہ دلچسپ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے چوتھے اوور میں پیش آیا جب کامندو مینڈس نے پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ کی گیند پر ڈیپ بیک ورڈ اسکوائر لیگ باؤنڈری کے اوپر چھکا لگایا۔ گیند باؤنڈری کے قریب موجود بال بوائے کی جانب بڑھی تو نوجوان نے انتہائی پرسکون انداز میں بایاں ہاتھ آگے بڑھایا اور ایک ہی ہاتھ سے کیچ تھام لیا۔
That ball boy had aura 😎
⏪ Rewinding to this ridiculously nonchalant catch in the last game 🏏#CricketKaJashan pic.twitter.com/Fo1JBxjsLP
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 29, 2026
نوجوان کے اس انداز نے کمنٹری پینل کو بھی حیران کردیا۔ ایک کمنٹیٹر نے بے اختیار کہا ’کیا شاندار کیچ ہے‘ جبکہ دوسرے نے نوجوان کے پُرسکون ردعمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ایسے کیچ پکڑا جیسے یہ اس کا روز کا معمول ہو۔
اس لمحے کی خاص بات یہ تھی کہ نوجوان نے کیچ پکڑنے کے بعد بھی کوئی غیر معمولی جوش یا خوشی ظاہر نہیں کی جس پر کمنٹیٹرز نے اس کے پُراعتماد اور بے نیاز انداز کو بھی سراہا۔
پی سی بی نے بھی اس واقعے کی ویڈیو اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے بعد نوجوان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر والد کے انتقال کے بعد اپنے خاندان کی کفالت کے لیے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں کام کرتا ہے۔ عدنان کرکٹ کا باصلاحیت آل راؤنڈر بھی ہے اور مقامی کلب میں پریکٹس کرتا ہے تاہم مالی مشکلات کے باعث اسے پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کے مواقع نہیں مل سکے۔
One moment. A new life.
During the Pakistan vs Sri Lanka match, ball boy Adnan took a stunning one-handed catch of a six that left the stadium in awe.
The young Lahore hotel worker, who supports his family after losing his father, had taken leave just to be at the ground. PCB has…— Nibraz Ramzan (@nibraz88cricket) October 29, 2026
رپورٹس کے مطابق عدنان نے میچ میں بال بوائے کی ذمہ داری نبھانے کے لیے ہوٹل کی ملازمت سے چھٹی لی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی غیر معمولی صلاحیت سامنے آنے کے بعد پی سی بی حکام نے مبینہ طور پر اس سے رابطہ کیا اور اسے 4 لاکھ روپے نقد انعام دینے کے ساتھ پی سی بی کرکٹ اکیڈمی میں مفت داخلے کی پیشکش بھی کی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکے۔
واضح رہے کہ یہ میچ ون ڈے ٹرائی سیریز کا پانچواں مقابلہ تھا جس میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جبکہ سری لنکا نے 18.1 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔










