خیبرپختونخوا کی ممبر ایڈوائزری کونسل اور مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ڈیفَنکٹ (غیر فعال) وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے بھائی و کزن پر کرپشن کے الزامات ہیں اور فی الحال وہ محفوظ کسٹڈی میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار سہیل آفریدی اور وہاں کے ارکان اسمبلی ہیں، پی ٹی آئی رہنما نثار جٹ
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی سے متعلق سوال پر ثمر بلور نے کہا کہ وہ اب بھی محفوظ کسٹڈی میں ہیں اور ان کے خلاف چارج شیٹ سامنے آنے کے بعد معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔
’مولانا فضل الرحمان صوبے کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ ہوں گے‘
مولانا فضل الرحمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ثمر بلور نے کہا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کا احترام کرتی ہیں تاہم بعض معاملات کو آپس میں جوڑنے کا ان کا انداز درست نہیں امید ہے کہ مولانا صوبے کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے۔
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو کیا ذمہ داری سونپی، سہیل آفریدی کا مستقبل کیا ہوگا؟
رکن ایڈوائزری کونسل ثمر بلور نے سابقہ صوبائی انتظامی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزامات بھی عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مختلف اضلاع میں غیرقانونی ٹھیکے دیے گئے جن میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی اور کزن کے مبینہ کردار بھی سامنے آرہے ہیں۔










