خیبرپختونخوا کے گورنر نے اپنی مشاورتی کونسل کے 11 ارکان کو پہلے سے تفویض کردہ محکموں کے علاوہ مزید محکموں کے قلمدان بھی سونپ دیے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ انتظامیہ کے کابینہ ونگ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قلمدان فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی 11 رکنی مشاورتی کونسل میں کون کون شامل، اور پیشہ ورانہ قابلیت کیا ہے؟
نوٹیفکیشن کے تحت کفایت اللہ کو خوراک اور خواتین کو بااختیار بنانے، طارق محمود پاشا کو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات جبکہ امیر جاوید کو محنت اور بین الصوبائی رابطے کے محکموں کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔
اسی طرح ڈاکٹر سید امیر عبداللہ کو سماجی بہبود، لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر کو آبادی کی بہبود، ڈاکٹر سرفراز علی کو ثقافت، سیاحت، آثار قدیمہ، عجائب گھر، کھیل اور امور نوجوانان کے محکموں کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
مزید برآں ڈاکٹر محمد ارشاد کو آبپاشی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آصف رفیق کو زراعت، لائیو اسٹاک، ماہی پروری اور کوآپریٹو، مولانا طیب قریشی کو زکوٰۃ و عشر جبکہ عثمان سیف اللہ خان کو سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محکموں کے اضافی قلمدان سونپے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کے 11 ارکان کو محکموں کے قلمدان تفویض، نوٹیفکیشن جاری
مشاورتی کونسل کی رکن ثمر بلور کو ریلیف، بحالی اور آبادکاری کے محکموں کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مشاورتی کونسل کے ارکان پہلے سے اپنے پاس موجود محکموں کے ساتھ ان اضافی محکموں کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں گے۔










