آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا نے والے تیل بردار سپر ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی

ہفتہ 31 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 

ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 لاکھ بیرل سے زائد تیل لے جانے والا ایک سپر ٹینکر جمعے کے روز آبنائے ہرمز میں بحری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگیا۔  میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستوں کے ذریعے گزرنے والے یہ چوتھا تیل بردار جہاز تھا جس میں دھماکا ہوا۔ ایرانی حکام نے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ آگ لگنے سے جہاز کو کتنا نقصان پہنچا اور عملے کے ارکان محفوظ ہیں یا نہیں۔

ایران مسلسل مؤقف اختیار کرتا رہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو ایرانی حکام سے پیشگی اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔ تہران نے گزشتہ ماہ بھی خبردار کیا تھا کہ اجازت کے بغیر اس اہم سمندری راستے سے گزرنے والے جہازوں کو تباہی کے خطرے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی انتخابات سے قبل آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے کی ایرانی حکمت عملی کیوں؟

آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے مختلف ممالک کو بڑی مقدار میں خام تیل اور توانائی کی دیگر مصنوعات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس علاقے میں بحری جہازوں پر حملوں اور دھماکوں کے واقعات سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور سمندری تجارت متاثر ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp