بھارت میں بالی ووڈ ستاروں کی سکیورٹی پر سوالات اٹھنے لگے، سلمان خان پر فائرنگ، ٹائیگر شروف اور دلجیت دوسانجھ کو دھمکیوں کے بعد اب لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی اپنی حفاظت کے لیے غیر معمولی اقدامات اختیار کرلیے ہیں۔
اپنی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد امیتابھ بچن نے پہلی بار مداحوں سے ملاقات بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے کی، انہوں نے حفاظتی شیشے کے پیچھے سے مداحوں کو سلام کیا۔ اس غیر معمولی ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد بالی ووڈ فنکاروں کی سکیورٹی سے متعلق بحث ایک بار پھر شدت اختیار کرگئی۔
मुंबई में अंडरवर्ल्ड का खौफ बढ़ रहा है .
मोदी और शाह के राज में गैंगस्टर्स की धमकियों का असर देखिए. अमिताभ बच्चन को अपने प्रशंसकों से मिलने के लिए बुलेटप्रूफ शीशे के पीछे खड़ा होना पड़ रहा है .
ये विश्नोई और उसके गुर्गे सरकार पर इतना भारी क्यों पड़ रहे हैं? pic.twitter.com/71ty6MKgIL— Ajit Anjum (@ajitanjum) November 2, 2026
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کو باندرہ کرلا کمپلیکس کے علاقے میں واقع ایک اسکول کو موصول ہونے والی ای میل کے ذریعے امیتابھ بچن کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کو بم دھماکے سے اڑانے کی دھمکی سے آگاہ کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں اور اداکار کے گھر کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کردی۔
84 سالہ امیتابھ بچن ہر اتوار کو اپنی رہائش گاہ کے باہر جمع ہونے والے مداحوں سے ملاقات کرتے ہیں۔ دھمکی کے باوجود انہوں نے یہ روایت برقرار رکھی تاہم اس بار وہ مداحوں کے سامنے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے نمودار ہوئے۔ ان کے بیٹے ابھیشیک بچن بھی اس موقع پر والد کے ہمراہ موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت اداکاروں کے لیے بھی غیر محفوظ؟ ٹائیگر شروف پر سرعام فائرنگ، حملے کی ذمہ داری کس نے قبول کی؟
واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں سکیورٹی خدشات کا معاملہ نیا نہیں۔ اپریل 2024 میں سلمان خان کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ ٹائیگر شروف سے متعلق حملے کی اطلاعات نے بھی فنکاروں کے تحفظ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ سمیت دیگر معروف شخصیات کو بھی مختلف مواقع پر دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’اگلی گولی سینے میں ماریں گے‘، فلم ساز روہت شیٹی کے گھر پر فائرنگ، حملہ آوروں کی سنگین دھمکی
ان واقعات کے تناظر میں سوشل میڈیا صارفین سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا بھارت میں اب بھارت معروف فلمی شخصیات کے لیے بھی غیر محفوظ بنتا جا رہا ہے؟ امیتابھ بچن کا مداحوں سے بلٹ پروف شیشے کے پیچھے ملاقات کرنا اس بحث کو مزید نمایاں کر رہا ہے۔
دوسری جانب امیتابھ بچن اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان دنوں مقبول ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ انہیں آخری مرتبہ 2024 میں ریلیز ہونے والی تامل فلم ’ویٹائیان‘ میں سپر اسٹار رجنی کانتھ کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔










