مقامی حکومتوں کے انتخابات قریب آتے ہی پاکستان پیپلز پارٹی نے پنجاب میں اپنی تنظیمی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے پارٹی کے ویمن ونگ کی سربراہ اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو پنجاب میں پارٹی کے تنظیمی امور کی نگرانی کی اہم ذمے داری سونپ دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ پھر الجھ گیا، الیکشن کمیشن اور حکومت کے مؤقف میں کیا فرق ہے؟
پارٹی ذرائع کے مطابق فریال تالپور اس ذمے داری کے تحت وہ صوبے میں پارٹی کو متحرک کرنے اور تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار بڑھائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریال تالپور 10 یا 11 نومبر کو لاہور کا دورہ کر سکتی ہیں جس کے لیے ملاقاتوں کا باقاعدہ شیڈول بھی تیار کیا گیا ہے۔ دورے کے دوران وہ ضلعی سطح پر پارٹی تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فریال تالپور کا پنجاب میں قیام تقریباً 10 روز پر محیط ہوگا اس دوران وہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں اور پارٹی کارکنوں سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ فریال تالپور کے پنجاب کے دورے اب ماہانہ بنیادوں پر ہوا کریں گے اور وہ پارٹی کو فعال بنانے اور تنظیمی سرگرمیوں کو مضبوط کرنے کے لیے صوبے کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گی۔
مزید پڑھیے: الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار، کے پی اور اسلام آباد میں قانونی و انتظامی رکاوٹیں درپیش
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دوروں اور ملاقاتوں کا مقصد ضلعی عہدیداروں سے براہ راست رابطہ قائم کرنے کے ساتھ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرنا بھی ہے۔









