غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی: پنجاب میں کریک ڈاؤن تیز، اب تک 28 لاکھ سے زائد شہری واپس روانہ

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی انخلاء مہم کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب کے ‘فارن نیشنل سیکیورٹی ونگ’ کی جانب سے صوبہ بھر میں مؤثر اور تدابیر سے لیس کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں بالخصوص افغان باشندوں کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔ فارن نیشنل سیکیورٹی ونگ صوبہ بھر میں اس آپریشن کی مانیٹرنگ اور تمام انتظامی و حفاظتی اقدامات کی کوآرڈینیشن کر رہا ہے۔

ترجمان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی واضح اور صریح پالیسی ہے کہ قابلِ قبول ویزا دستاویزات کے بغیر ملک میں رہنے والا ہر غیر ملکی فرد غیر قانونی شمار ہوگا۔ اس سلسلے میں کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے رہائشی علاقوں، تجارتی مراکز اور مارکیٹس میں 4 لاکھ سے زائد ٹارگٹڈ سرچ آپریشنز کیے گئے ہیں۔

ہولڈنگ سینٹرز اور وطن واپسی کا طریقہ کار

محکمہ داخلہ کے مطابق گرفتار کیے گئے غیر قانونی مقیم شہریوں کو محفوظ طریقے سے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے۔ اس وقت پنجاب میں 39 فعال ہولڈنگ سینٹرز قائم ہیں جہاں 153 افغان شہری موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری، اب تک کتنے پناہ گزین واپس جا چکے؟

ان سینٹرز میں ان باشندوں کی عارضی رہائش، طبی سہولیات، رجسٹریشن اور بالآخر وطن واپسی کے تمام تر انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ ان تمام افراد کو طورخم بارڈر کے راستے افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔

غیر قانونی مقیم افراد کو پناہ دینے والوں کے خلاف سخت ایکشن

حکومت نے غیر قانونی مقیم افراد کے ساتھ ساتھ انہیں رہائش فراہم کرنے والے مقامی افراد کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ پنجاب بھر میں ایسے افغان باشندوں کو پراپرٹی یا مکانات کرائے پر دینے کی پاداش میں 803 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ اعداد و شمار حکومتِ پنجاب کی مؤثر حکمتِ عملی، گڈ گورننس اور فعال انتظامی اقدامات کی عکاسی کرتے ہیں۔

شہریوں سے تعاون کی اپیل اور تحفظ کی ضمانت

ترجمان محکمہ داخلہ نے واضح کیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یہ کارروائیاں صرف اور صرف غیر قانونی طور پر مقیم باشندوں کے خلاف کی جا رہی ہیں اور قانونی دستاویزات کے حامل افراد کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے افغان مہاجرین کی باعزت واپسی، اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے، پاکستان افغانستان کا اتفاق

انہوں نے افغان شہریوں کی واپسی کے اس قومی مشن میں تمام شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر کہیں بھی افغان شہریوں کے غیر قانونی قیام، شناخت کی جعلسازی یا کسی مشکوک سرگرمی کا علم ہو تو فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔ ترجمان نے یقین دہانی کرائی کہ 15 پر اطلاع دینے والے شہریوں کی شناخت کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp