امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر نے امیگریشن فراڈ کی تحقیقات اور سیاسی مخالفت کے باوجود مینیسوٹا کے پانچویں انتخابی حلقے سے مسلسل پانچویں بار کامیابی حاصل کرلی۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز اور مقامی اخبار مینیسوٹا اسٹار ٹریبیون کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار الہان عمر نے ری پبلکن حریف جان نیگل کو شکست دے کر امریکی ایوان نمائندگان میں اپنی نشست برقرار رکھی۔ ان کا انتخابی حلقہ منی ایپلس شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے۔
مزید پڑھیں:الہان عمر کے اصل نام پر سوالات، امریکی تحقیقات میں نیا انکشاف
الہان عمر کی کامیابی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ان کے خلاف امیگریشن دستاویزات میں مبینہ جعل سازی اور فراڈ کے الزامات کی تحقیقات کررہی ہے۔
اکتوبر میں وفاقی تحقیقاتی اہلکاروں نے واشنگٹن میں ان کی رہائش گاہ کی تلاشی بھی لی تھی، جس کے دوران موبائل فون، لیپ ٹاپ اور پاسپورٹ قبضے میں لیے گئے، جبکہ ان کے بعض اہل خانہ کو بھی تحقیقات میں شامل کیا گیا۔
Ilhan Omar celebrates alongside her team after defeating Republican challenger John Nagel and securing another term in Congress! 🇺🇸👏 https://t.co/1QcdU9ZGRS
— Elham Ishmael ✍︎ (@EIshmael_) November 4, 2026
امریکی حکام تحقیقات کے دوران اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیا الہان عمر یا ان کے اہلخانہ نے 1990 کی دہائی میں امریکا آمد اور شہریت حاصل کرنے کے عمل میں غلط معلومات فراہم کی تھیں۔ الہان عمر ان الزامات کی تردید کرتی ہیں اور تحقیقات کو سیاسی دباؤ قرار دے چکی ہیں۔
الہان عمر پہلی مرتبہ 2018 میں امریکی کانگریس کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ وہ امریکی ایوان نمائندگان میں پہلی صومالی نژاد امریکی خاتون اور ابتدائی 2 مسلمان خواتین ارکان میں شامل تھیں۔
مزید پڑھیں:امریکی رکن کانگریس الہان عمر پر حملہ، مشتبہ شخص گرفتار
واضح رہے کہ الہان عمر نے اگست 2026 میں ڈیموکریٹک پارٹی کے انتخابی مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔ اب عام انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ جنوری 2027 میں کانگریس کی پانچویں مدت کا آغاز کریں گی۔











