خیبرپختونخوا کا دستانہ اسکینڈل: ایک ارب روپے کی مبینہ کرپشن بے نقاب

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا میں محکمہ صحت کا دستانوں کی خریداری کا اسکینڈل سامنے آگیا جس میں قومی خزانے کو مبینہ طور پر ایک ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ محکمہ صحت کے بعد اب محکمہ انسداد بدعنوانی نے بھی اسکینڈل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ صحت خیبرپختونخوا کرپشن اسکینڈل: لاکھوں طبی دستانے اسٹور سے غائب

سرکاری دستاویزات کے مطابق فروری 2024 میں نگران حکومت کے دور میں سرکاری اسپتالوں کے لیے 4 کروڑ 35 لاکھ ایگزامینیشن گلوز (طبی معائنے کے دستانے) خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 2 مختلف مدات میں دستانوں کی خریداری کے لیے فروری اور مارچ 2024کے دوران 98 کروڑ 39 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔ سرکاری اسپتالوں کو 100 دستانوں کا ایک ڈبہ 2 ہزار 260 روپے میں فراہم کیا گیا۔

محکمہ صحت میں مبینہ بدعنوانی کا انکشاف ہونے پر خریداری کی تحقیقات شروع کی گئیں تو معلوم ہوا کہ مارکیٹ میں 100 ایگزامینیشن گلوز کی قیمت صرف 700 روپے تھی  جبکہ سرکاری اسپتالوں کے لیے یہی ڈبہ 2 ہزار 260 روپے میں خریدا گیا جو مارکیٹ قیمت سے تین گنا سے بھی زیادہ ہے۔

مزید پڑھیے: خیبرپختونخوا میں تبادلوں اور تقرریوں کے نام پر اربوں روپے کی مبینہ کرپشن، ثمر ہارون بلور کے اہم انکشافات

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ سرکاری ریکارڈ میں 30 لاکھ دستانے پشاور کے متنی کیٹیگری ڈی اسپتال، 30 لاکھ ڈی ایچ کیو باجوڑ اور ایک کروڑ 92 لاکھ 30 ہزار دستانے شمالی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو فراہم کرنے کا اندراج موجود تھا تاہم متعلقہ افسران نے دستانوں کی وصولی سے انکار کردیا۔

اس طرح مجموعی طور پر 2 کروڑ 92 لاکھ دستانے صرف کاغذوں میں فراہم کیے گئے جبکہ انہیں جعلی انوائسز کے ذریعے ظاہر کیا گیا۔

انکوائری کا دائرہ وسیع ہونے پر مزید انکشاف ہوا کہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کے گودام میں صرف 43 لاکھ دستانے موجود تھے جبکہ باقی 3 کروڑ 92 لاکھ دستانوں کی تقسیم یا موجودگی کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں اربوں روپے کے منصوبوں میں کمیشن اور کرپشن کے الزامات، ہادی پتنگ کے کردار پر سوالات اٹھ گئے

محکمہ صحت کی دستاویزات کے مطابق اس اسکینڈل میں صوبائی خزانے کو تقریباً ایک ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ محکمہ انسداد بدعنوانی نے اسکینڈل کی خریداری، تقسیم، اس وقت تعینات متعلقہ افسران اور دیگر معاملات کی تمام تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp