اسلام آباد میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری سہولت کا معاہدہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے pic.twitter.com/TqT2TwvfQa
— Aamir Saeed Abbasi (@AmirSaeedAbbasi) November 7, 2026
محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ویزا فری سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلے مزید آسان ہوں گے، جبکہ سرکاری سطح پر رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے معاہدے کو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











