پاکستانی خلا باز کی خلا میں تاریخی پرواز، چین کے خلائی اسٹیشن پر پہلا غیر ملکی مہمان ہوگا

ہفتہ 7 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور ایک پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والا پہلا غیر ملکی بننے جا رہا ہے۔ چین کے سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق پاکستانی خلا باز شینژو-24 کے انسان بردار خلائی مشن میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شرکت کرے گا۔

چین کی انسان بردار خلائی ایجنسی کے مطابق پاکستانی خلا باز مدار میں مختصر مدت قیام کرے گا اور اس کے بعد شینژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔ یہ چین کے انسان بردار خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلا مشترکہ مشن ہوگا جس میں چینی اور غیر ملکی خلا باز ایک ساتھ شرکت کریں گے۔ اس مشن کے ساتھ چین کا خلائی اسٹیشن پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کا استقبال کرے گا۔

چینی حکام نے پاکستانی خلا باز کا نام اور مشن کی روانگی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ تاہم خبر رساں ادارے رائٹرز نے ستمبر میں پاکستان کے خلائی ادارے کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا تھا کہ پاکستانی پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد بیجنگ کے چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں کئی ماہ سے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

چین کی سرکاری خلائی ایجنسی کے مطابق پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کے انتخاب، تربیت اور چینی خلائی اسٹیشن کے مشنز میں شرکت سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس کے بعد امیدواروں کا انتخاب تین مراحل میں کیا گیا اور 2 پاکستانی متبادل خلا باز منتخب ہوئے۔ چین میں تربیت مکمل کرنے اور امتحانات میں کامیابی کے بعد ان میں سے ایک مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ دوسرا متبادل خلا باز کے طور پر خدمات انجام دے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کارگو اسپیس کرافٹ تیانژو-9 چینی خلائی اسٹیشن تک پہنچنے میں کامیاب

چینی میڈیا کے مطابق یہ پیشرفت دونوں ملکوں کے خلائی شعبے میں تعاون کو نئی سطح پر لے جائے گی اور چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں بین الاقوامی شرکت کے آغاز کی علامت ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp