وکیل عبدالرزاق شر قتل مقدمہ: سپریم کورٹ نے عمران خان کی عبوری ضمانت کی استدعا مسترد کردی

منگل 4 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق شرکے مقدمے میں عبوری ضمانت اورہائیکورٹ کے فیصلے پرحکم امتناع جاری کرنے کی استدعا مسترد کردی۔

عمران خان کے وکیل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ موکل کی جان کو خطرہ ہے، گرفتارنہ کرنے کا حکم دیا جائے، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ وہ دوسرے فریق کوسنے بغیرکوئی حکم جاری نہیں کر سکتے۔ ایف آئی آر معطلی کے لیے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو ذاتی طورپرعدالت آنے کی ضرورت نہیں ہے۔

جسٹس عائشہ ملک نے سوال اٹھایا کہ کسی کیس کے تحقیقاتی مرحلے پرکون فیصلہ کرتا ہے کہ کون سی دفعات لگائی جائیں اور کون سا قانون اجازت دیتا ہے کہ ایف آئی آر سے دفعات نکال دو؟ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ مقدمے میں دفعات لگانے کا ابتدائی فیصلہ ایس ایچ او کرتا ہے لیکن اگر غلط دفعات لگائی جائیں تو اس کے لیے قانونی فورم موجود ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن اورجسٹس عائشہ ملک پرمشتمل 2رکنی بینچ کو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عبدالرزاق شرکے قتل کا مقدمہ پڑھ کرسنایا اور کہاکہ مقتول وکیل عبدالرزاق شرکے بیٹے نے عمران خان کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔

عمران خان کے وکیل نے چئیرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا بتایا تو جسٹس عائشہ ملک نے پوچھا کہ کیا جے آئی ٹی کوچیلنج کیا ہے؟ لطیف کھوسہ بولے: مجھے تومعلوم ہی نہیں کہ میرے مؤکل کے خلاف کیا کیا ہو رہا ہے، ایس ایچ او تحقیقات کے مرحلے پر دہشتگردی کی دفعات عائد نہیں کرسکتا۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ اب آپ اپنی ہی مخالفت میں دلائل دے رہے ہیں۔

سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع اورعبوری ضمانت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سرکاری وکیل سے مقدمہ کی تفصیلات طلب کرلیں۔

عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان سمیت دیگرفریقین کونوٹس بھی جاری کردیے۔ عدالت نے بلوچستان حکومت کے وکیل سے مقدمے پر اب تک ہونے والی تحقیقات کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp