چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج ہمایوں دلاور نے خود سے منسوب فیس بک پوسٹس کمرہ عدالت میں دکھانے پر پی ٹی آئی وکلا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا تھا تاہم عمان خان کے وکیل خواجہ حارث کی معذرت پر جج نے اس حوالے سے کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قبل ازیں جج نے کہا تھا کہ وی آج جو کچھ ہوا اس کے خلاف کارروائی کریں گے لیکن خواجہ حارث نے عدالت سے کہا کہ وہ وکلا کی جانب سے معافی مانگتے ہیں۔
جج نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل میں خصوصی عدالت کا جج تھا ایک سال میں 13 قتل کے کیسز کا فیصلہ کیا ، آپ کوئی ایک دن بتائیں جس دن آپ نے اپنے انداز میں کلاس نہ لی ہو، آپ سینیئر کونسل ہیں لیکن آپ پنچنگ انداذ میں بات کرتے ہیں۔ جج کا مزید کہنا تھا کہ آپ نرم مزاجی سے جیسے کلائنٹ کو ہینڈل کرتے ہیں ویسے ہی عدالت کو بھی ٹھنڈا کر رہے ہیں۔
تاہم عدالت نے خواجہ حارث کی استدعا پر آج ہونے والے واقعے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کر دی ۔الیکشن کمیشن کے گواہ وقاص ملک پر جرح کل بھی جاری رہے گی۔