آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حکمت عملی کیا ہوگی؟

پیر 31 جولائی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف 9 مئی کے واقعے کے بعد شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ اب تک عمران خان کےقریبی ساتھیوں میں سے بیشتر ارکان نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے جبکہ پنجاب میں ٹکٹ ہولڈرز منظر عام سے غائب ہیں۔

تحریک انصاف کے جو رہنما اب تک عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ان میں سے اکثریت جیلوں میں ہے، کچھ بیرون ملک پناہ اختیار کر چکے ہیں اور کچھ نامعلوم مقام پر روپوش ہیں۔ اس ساری صورتحال میں سوال یہ اٹھتا ہے کہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کی حکمت عملی کیا ہوگی۔

پنجاب میں ٹکٹ ہولڈرز منظر عام سے غائب ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان اس ساری صورتحال میں پر اُمید ہیں کہ جب بھی انتخابات ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار ہی انتخابی معرکہ جیتیں گے اور سب کو ’سرپرائز‘ ملے گا۔

عمران خان اپنی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے ابھی تک کُھل کر تو کچھ نہیں بولے تاہم ایک حکمت عملی انہوں نے واضح کر دی ہے۔ عمران خان کے مطابق وہ آئندہ انتخابات میں وکلاء کو میدان میں اتاریں گے اور زیادہ تر ٹکٹس نوجوان اور نظریاتی کارکنان میں تقسیم کیے جائیں گے۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وکلاء کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ ریٹرنگ افسران کی جانب سے تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے میں متوقع رکاوٹیں ڈالنے کی حکمت عملی کے  پیش نظر بھی کیا جارہا ہے۔

الیکشن لڑنے کا موقع ملا تو انتخابی مہم چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تحریک انصاف انتخابی مہم کیسے چلائیں گے؟

پاکستان تحریک انصاف کے جو رہنما اب بھی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن شدید دباؤ کے باعث روپوش ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ نگراں حکومت آنے کے بعد صورتحال تبدیل ہوجائے گی اور دباؤ میں کافی حد تک کمی بھی آئی گی، عمران خان بھی نگراں حکومت آنے کے بعد حالات میں تبدیلی کے حوالے سے پُر اُمید ہیں۔

انتخابی مہم چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی

روپوش رہنماؤں کے مطابق اگر تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا موقع ملا تو انتخابی مہم چلانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔

تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق وکلاء کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انتخابی مہم بذریعہ سوشل میڈیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم میں اگر جلسوں کی اجازت نہ ملی تو سوشل میڈیا کے ذریعے انتخابی مہم چلائی جائے گی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اس ساری صورتحال کے پیش نظر آن لائن میٹنگز کے ذریعے پارٹی عہدیداروں کو ٹاسک سونپ دیے ہیں اور ان کی گرفتاری کی صورت میں بھی حکمت عملی کے حوالے سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp