وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان ثقافتی پالیسی کے تحت پاکستان ٹیلی ویژن فلم ڈویژن کے قیام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے لیے ایک سرٹیفکیٹ بورڈ بنایا گیا ہے، تاہم اسکرین ٹوارزم کو بہتربنانے کے لیے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کی زمین پر سینما ہاؤسز بھی بنائے جا رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے پاکستان ثقافتی پالیسی کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت موجودہ حکومت فلم انڈسٹری کو سبسڈی دے رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ ہماری ثقافت اور ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو کی بہتری کے لیے کام کیا گیا ہے، سرکاری ٹی وی اور ریڈیو کے آرکائیو کو ڈیجیٹل کردیا گیا ہے۔ 4 ارب روپے سے ریڈیو کی میڈیم وویو میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ ریڈیو پاکستان کے زیادہ تر ملازمین کو تنخواہوں کا مسئلہ تھا اس کے لیے ہم نے بزنس پالیسی متعارف کرائی ہے تاکہ ملازمین کو تنخواہوں کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔
انکا کہنا تھاکہ صحافیوں اور آرٹسٹوں کے لیے ہیلتھ انشورنس پالیسی کے قیام کا انعقاد کر دیا گیا ہے، جس کے تحت صحافیوں اور آرٹسٹوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انکا مزید کہنا تھاکہ آئی ایم ایف پروگرام استحکام کے لیے ناگزیر تھا لیکن گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف معاہدے کی پاسداری نہیں کی، گزشتہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا۔