لبنان کے وزیر ثقافت نے فلم ’باربی‘ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فلم ہم جنس پرستی کو فروغ دیتی ہے اور مذہبی اقدار کے منافی ہے۔
لبنان کے وزیر ثقافت محمد مرتضیٰ کو طاقتور شیعہ مسلح گروپ حزب اللہ کی حمایت حاصل ہے، جس کے سربراہ سید حسن نصراللہ ایل جی بی ٹی کمیونٹی کے خلاف خاصا سخت موقف رکھتے ہیں، انہوں نے اپنی حالیہ تقاریر میں ہم جنس پرستی کے مجرموں کو موت کی سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
وزیر ثقافت محمد مرتضیٰ نے کہا ہے کہ فلم باربی ’ہم جنس پرستی اور جنسی تبدیلی‘ کو فروغ دینے اور ’مذہبی عقائد و اخلاقی اقدار کے منافی’ہے۔ وزارت ثقافت کی جانب سے اعتراضات کے بعد وزیر داخلہ بسام مولوی نے جنرل سیکیورٹی کی سینسر شپ کمیٹی، جو وزارت داخلہ کے ماتحت آتی ہے اور روایتی طور پر سینسر شپ کے فیصلوں کی ذمہ دار ہے، سے کہا کہ وہ فلم کا جائزہ لے اور اپنی سفارشات پیش کرے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کویت نے لبنان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کہا کہ اس نے ’عوامی اخلاقیات اور سماجی روایات‘ کے تحفظ کے لیے ’باربی‘ اور مافوق الفطرت ڈراؤنی فلم ’ٹاک ٹو می‘ پر پابندی عائد کر دی ہے۔
لبنان پہلا عرب ملک تھا جس نے 2017 میں ہم جنس پرستوں کے لیے فخر کا ہفتہ منعقد کیا تھا، اسے قدامت پسند مشرق وسطیٰ میں ایل جی بی ٹی کمیونٹی کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر دیکھا جاتا تھا لیکن حال ہی میں یہ مسئلہ زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہے جس سے تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
وزیر داخلہ بسام مولوی نے گذشتہ سال لبنان میں ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والی تقریبات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جنہیں عام طور پر ’ایل جی بی ٹی‘ اجتماعات سے تعبیر کیا جاتا ہے۔
گزشتہ ماہ سید حسن نصراللہ نے ایک تقریر میں لبنانی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والے مواد کے خلاف کارروائی کریں، جس میں ان پر پابندی بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جنس پرستی لبنان کے لیے خطرہ ہے اور اس کا مقابلہ کیا جانا چاہیے۔ ہم جنس پرستی کے معاملے میں نصراللہ نے رواں برس جولائی کے اواخر میں کہا تھا کہ ہم جنس پرستی میں ملوث شخص چاہے غیر شادی شدہ ہی کیوں نہ ہو اسے قتل کر دیا جانا چاہیئے۔
فلم ’باربی‘ میں مارگوٹ روبی اور ریان گوسلنگ نے باربی اور کین کا کردار ادا کیا ہے، فلم میٹل انکارپوریٹڈ کی گڑیا کو حقیقی دنیا میں ایک مہم جوئی پر بھیجتی ہے۔ فلم 21 جولائی کو ڈیبیو کے بعد سے دنیا بھر میں باکس آفس پر ٹکٹوں کی فروخت میں 1 بلین ڈالر سے زیادہ کمائی کرچکی ہے۔