76ویں یومِ آزادی پر نامور قومی شخصیات کے قوم کے نام پیغامات اور مبارکباد

اتوار 13 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک کی نامور شخصیات نے قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، یہ ملک بہت سی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کیا گیا ہے، اس کو قائم و دائم رکھنے کے لیے ہمیں متحد ہو کر رہنا ہوگا۔

آزادی کے 76 برس مکمل ہونے پر اداکار ہمایوں سعید نے کہاکہ آؤ مل کر اپنے دل سے عہد کریں کہ اس ملک کی پہچان بنیں گے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔

اداکار عدنان صدیقی نے اپنے پیغام میں کہاکہ یہ ملک ہمارے بزرگوں کے خواب کی تعبیر ہے اور یہ ملک دنیا میں ہماری پہچان ہے۔

سماجی رہنما رمضان چھیپا نے کہاکہ پاکستان ایسی سرزمین ہے جس سے دنیا میں ہماری پہچان ہے، یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا ثمر ہے اسی لیے تو ہمارے حوصلے بلند ہیں۔

’آزاد فضا، آزاد زمین ہے، جو خواب ہمارا ورثہ ہے، اس ورثے کو اپنانا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، کیونکہ دل تو پاکستان ہے۔

مذہبی رہنما اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہاکہ آزاد وطن اللّٰہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمارے اکابرین نے بہت قربانیوں کے بعد یہ وطن حاصل کیا تھا،

’کلمہ طیبہ کی بنیاد پراللّٰہ نے ہمیں یہ ملک عطا کیا۔‘

سابق کرکٹر مشتاق احمد نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اللّٰہ نے ہمیں یہ ملک عطا کیا۔ ہم اللّٰہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں۔

سابق ہاکی پلیئر صلاح الدین صدیق نے کہاکہ تیرا پرچم اٹھائیں شان سے، تُو عزیز اپنی جان سے، جس میدان میں جاتے ہیں تیرا پرچم سینے سے لگاتے ہیں کیونکہ پاکستان ہے تو ہم بھی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp