مون سون بارشوں اور سیلاب کا خطرہ مزید کب تک رہنے کا امکان ہے؟

منگل 15 اگست 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ ابھی مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا، 23 اگست تک مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم بارشوں کے باعث دریائے راوی اور چناب سے متصل نالوں میں سیلاب کا خطرہ بھی موجود ہے، اسی طرح کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خدشہ ہے۔

دریائے راوی و چناب میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ

پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت میں دریائے ستلج اور بیاس پر بنائے گئے ڈیم پانی سے تقریباً بھر گئے ہیں اور ان دریاؤں کے بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے دریائے راوی و چناب میں بھی درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں میں طوفانی برشوں کے امکانات ہیں جس سے گنڈا سنگھ والا اور زرعی علاقوں میں طغیانی آسکتی ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث متعدد علاقے زیر آب آنے کا خطرہ

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 14 سے16 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، راولپنڈی، اسلام آباد کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔

14 اور15 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اورگردونواح میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری،گلیات،کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواہ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

آج کہاں کہاں بارش ہو گی؟

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی و وسطی پنجاب،خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp